پیپلزپارٹی کی حکومت جلد آرہی ہے، نوکریوں سے نکالے گئے ملازمین کو بھی بحال کریں گے، بلاول زرداری کا دعویٰ

خیرپور(پی این آئی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت جلد آرہی ہے،نوکریوں سے نکالے گئے ملازمین کو بحال کرینگے,عمران خان عوام سے ان کے انسانی، جمہوری اورمعاشی حقوق چھیننا چاہتا ہے,عوام کو مہنگائی کی سونامی میں ڈبو دیا گیا ہے،عوام بھوکے،نوجوان بےروزگار ،کسانوں اور مزدوروں کو محنت کا صلہ نہیں مل رہا لیکن خان صاحب اسلام آباد میں حکومت کے تین سال مکمل ہونے پر جشن منارہے ہیں۔خیرپور میں وسان ہاوَس میں ورکرز کنونشن میں تحریک انصاف(پی ٹی آئی) حکومت پر تنقید کرتے ہوئےبلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خان صاحب نے ہر صوبے پر ڈاکہ ڈالا ہے، جب این ایف سی پر عملدرآمد نہیں ہوتا، 18 ویں ترمیم پر ڈاکہ ڈالا جاتا ہے، تو وہ صرف سندھ کے ساتھ نہیں بلکہ پنجاب، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان سے ناانصافی ہوتی ہے،جب ایک صوبے سے ناانصافی ہوتی ہے، تو وہ پورے پاکستان سے ناانصافی ہوتی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوجوان دو دو ڈگریاں لے کر دھکے کھا رہے ہیں، ایک سازش کے تحت سندھ پبلک سروس کمیشن پر تالا لگایا گیا ہےجبکہ دیگر صوبوں پبلک سروس کمیشنز فعال ہیں،یہ سندھ اور اس کے نوجوانوں کے ساتھ کس قسم کا مذاق ہے؟بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خان صاحب نے 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن گھر بنانے کی بجائے ایک سازش کے تحت کچی آبادیوں کو گرایا جاتا اور امیروں کے گھروں کو بچایا جاتا ہے، بنی گالا کو تو ریگولرائز کیا جاتا ہے لیکن گجر نالہ کے مکینوں کو بے گھر کیا جاتا ہے۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عمران خان نے جہاں این ایف سی اور حقِ روزگار پر تو ڈاکہ مارا ہے، لیکن عمران خان کی حکومت صوبے کے پانی پر بھی ڈاکہ مار رہی ہے۔ جس طرح ارسا ناانصافی کر رہی ہے، ایسا تاریخ میں کبھی نہیں ہوا، اگر ہمارا پانی چوری کریں گے تو تھر میں بچے اور کراچی میں شہری پانی کو ترستے رہیں گے، ہمیں دیوار سے نہ لگایا جائے،پانی کی تقسیم منصفانہ کی جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا دستور کہتا ہے کہ جہاں کے قدرتی وسائل ہوں گے، ان پر پہلا حق وہاں کے مقامی لوگوں کا ہوگا، جن صوبوں سے گیس نکلتی ہے، خواہ وہ سندھ ہو کہ بلوچستان اور سبی ہو یا گھوٹکی، اس پر پہلا حق وہاں کے لوگوں کا ہے،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ جن علاقوں سے گیس نکلتا ہے، سب سے پہلے انہیں گیس فراہم کی جائے۔پی پی پی چیئرمین نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو پورا کرنے کی خاطر جدوجہد کو تیز کرنے کے لیئے تیار ہوجائیں،موجودہ سلیکٹڈ، نااہل، نالائق اور ناجائز حکومت مسلط کی گئی ہے، اسے بھگانے کے لیئے جیالے میرا ساتھ دیں،ہم نے بہت سے دوستوں پر بھروسہ کیا، لیکن ہم سمجھتے ہیں انہوں نے بھی دھوکہ دیا اور اب ہم اپنے پاوَں پر کھڑے ہوکر اپنی جماعت کی سیاست کریں گے اور تمام غیر جمہوری قوتوں کو بھگائیں گے۔

close