سعودی عرب نے پاکستان پر سفری پابندی ختم کردی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )سعودی عرب نے پاکستان سمیت 20 ممالک کے شہریوں پر سفری پابندی ختم کردی۔عرب ویب سائیٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ نے سفری پابندی کی زد میں آنے والے ممالک سے مکمل ویکسین لگوانے والے تارکین وطن کو براہِ راست داخلے کی اجازت دے دی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق سعودی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری ہدایت نامے کے مطابق براہِ راست داخلے کی اجازت صرف ان غیر ملکیوں کو ہوگی جن کے پاس مملکت کا کارآمد رہائشی اجازت نامہ (اقامہ) ہے اور وہ سعودی عرب سے کورونا کی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے کے بعد بیرون ملک گئے تھے۔ریاض میں پاکستانی سفارت خانے نے ویکسین لگوانے والے شہریوں کو پاکستان سے سعودی عرب کے براہ راست سفر کی اجازت دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ پاکستانی سفارت خانے کے جاری بیان میں سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس سے ہزاروں پاکستانی تارکینِ وطن کو فائدہ پہنچے گا۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے رواں برس فروری میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کے تحت بھارت، پاکستان، انڈونیشیا، مصر، ترکی، ارجنٹائن، برازیل، جنوبی افریقا، متحدہ عرب امارات، ایتھوپیا، ویت نام، افغانستان اور لبنان سمیت 20 ممالک کے شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی لگادی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close