وزیراعظم اور آرمی چیف کی افغان وفد سے ملاقات، افغانستان کی موجودہ صورتحال پر دوٹوک پیغام دیدیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغان وفد نے ملاقات کی، جس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان سے زیادہ کوئی ملک افغانستان میں امن کا خواہشمند نہیں، پاکستان امن وامان کی کوششوں کی مکمل حمایت کریں گے، آرمی چیف نے وفد سے گفتگو میں کہا کہ افغان مسئلے کے حل کیلئے پاکستان مدد کو تیار ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے افغانستان کے سیاسی رہنماؤں کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر بات چیت کی گئی، وزیراعظم عمران خان نے افغان عوام کی بھرپور حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان سے زیادہ کوئی ملک افغانستان میں امن کا خواہشمند نہیں، موجودہ صورتحال میں سب سے زیادہ ذمہ داری افغان رہنماؤں پر عائد ہوتی ہے، افغان سیاسی قیادت مل بیٹھ کر مستقبل کا فیصلہ کرے۔انہوں نے کہا کہ پاک افغان عوام عقیدے، بھائی چارے اور ثقافت کے لحاظ سے جڑے ہوئے ہیں۔ افغانستان میں امن وامان کی کوششوں کی مکمل حمایت کریں گے، محفوظ افغانستان کیلئے سیاسی حل ضروری ہے۔ افغان وفد نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ افغان وفد نے پاک افغان بردرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔ مزید برآں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغان وفد نے ملاقات کی، صلاح الدین ربانی کی سربراہی میں 8رکنی وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ وسیع البنیاد تعلقات چاہتا ہے، افغان مسئلے کے حل کیلئے پاکستان مدد کو تیار ہے۔ افغان مسئلے کا خطے کے امن کیلئے ضروری ہے، پاکستان افغان عوام کے ساتھ کھڑا ہے، افغان وفد نے افغانستان اور خطے میں امن وامان کیلئے پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close