بھارت نے کابل سے اپنا سفارتی عملہ واپس بلا لیا

نئی دلی،پیرس(این این آئی)بھارت نے ائیر فورس کے ایک خصوصی طیارے کے ذریعے کابل میں تعینات اپنے سفارتی عملے کو واپس بلا لیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچھی آج صبح ایک ٹویٹ میں کہاہے کہ افغانستان کی موجودہ گھمبیر صورتحال کے پیش نظرکابل میں تعینات بھارتی سفیر اور عملے کو فوری طورپر افغانستان سے  نکالنے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔بھارتی فضائیہ کا گلوب ماسٹر سی 17 طیارہ منگل کی صبح 130 سے زائد افراد کو لے کر کابل سے روانہ ہوا۔ بھارتی سفیر اپنے عملے سمیت اسی طیارے میںموجود ہیں۔دوسری جانب افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا پر اتحادیوں کی جانب سے بھی امریکا کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اتحادی ممالک کی جانب سے امریکی فوج کی واپسی کے فیصلے کی مذمت جارہی ہے۔افغانستان کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے جرمن چانسلر انجیلا مرکل کا کہنا تھا کہ افغانستان کی بدلتی صورتحال افغانوں کے ساتھ ساتھ جرمنی کے لیے بھی ڈرامائی، سخت اورخوفناک ہے۔دوسری جانب برطانوی وزیر دفاع بین ویلس نے کہا کہ کابل پر طالبان کا قبضہ عالمی برادری کی ناکامی ہے، امریکا اور طالبان کے درمیان معاہدہ جس طرح ہوا وہ ایک غلطی تھی جس کے نتائج عالمی برادری کو بھگتنا پڑسکتے ہیں۔ادھر فرانسیسی صدرمیکرون کا کہنا تھا کہ روس، امریکا اور یورپ کے موثر انداز میں تعاون کے لیے ہم سب کچھ کریں گے کیونکہ ہمارے مفادات ایک ہیں، یہ بین الاقوامی سلامتی اور امن کے لیے نہایت اہم ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close