بیرسٹر سلطان محمود آزاد کشمیر کے صدر منتخب

مظفرآباد(پی این آئی )پی ٹی آئی کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود آزاد کشمیر کے صدر منتخب ہو گئے، انہوں نے 34 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل متحدہ اپوزیشن کے امیدوار میاں وحید کو 16ووٹ ملے۔ نجی ٹی وی کے مطابق موجودہ صدر مسعود خان 24 اگست کو اپنی پانچ سالہ صدارتی مدت پوری کریں گے جس کے بعد سلطان محمود حلف اٹھائیں گے۔بیرسٹر سلطان محمود کی پوزیشن پہلے ہی مضبوط تھی، ان کو مسلم کانفرنس کے سردار عتیق اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی کے حسن ابراہیم کی بھی حمایت حاصل تھی۔قانون ساز اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 32، پاکستان پیپلزپارٹی کے 11، مسلم لیگ نوازکے 7، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی کا ایک ایک ووٹ تھا۔ بیرسٹر سلطان محمود ایل اے 3 میرپور سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ صدر منتخب ہونے پر وہ اسمبلی سیٹ چھوڑ دیں گے۔خیال رہے کہ وہ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کے صدر بھی ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں