اسلام آباد(پی این آئی)پی ٹی آئی نے ارب پتی بزنس مین سردار تنویر الیاس خان کو آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کیلئے نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا ،روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف آزاد کشمیرکے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے مقابلے میں سردار تنویر الیاس کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ، تین روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے اس اہم ترین منصب کے امیدواروں کی دوڑ میں شریک نصف درجن کے قریب نومنتخب ارکان اسمبلی سے علیحدہ علیحدہ مختصر ملاقاتیں کیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ ملاقاتیں وزارت عظمیٰ کے امیدواروں کے انٹرویو سے متعلق تھیں۔ وزیر اعظم سے شرف ملاقات حاصل کرنے والوں میں دو مضبوط ترین امیدواروں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سردار تنویر الیاس خان کے علاوہ مظفر آباد سے تعلق رکھنے والے خواجہ فاروق احمد اور نو منتخب رکن قانون ساز اسمبلی اظہر صادق بھی شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق اب تک طے پانے والی انڈر اسٹینڈنگ کے مطابق سردار تنویر الیاس کو وزیر اعظم آزاد کشمیر، جبکہ ان کے مضبوط ترین حریف سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان کو صدارت کا منصب دیا جائے گا۔دوسری جانب آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر کی صدارت میں ہوا جس میں نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں