وزیراعظم عمران خان نے بھی لاک ڈائون لگانے کی مخالفت کر دی

اسلام آباد (پی این آئی ) سندھ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے اقدام کے خلاف وزیر اعظم عمران خان بھی بول پڑے کہا کہ سندھ حکومت سے بس اتنا کہوں گا کہ لاک ڈاؤن کا مطلب لوگوں کو بھوکا رکھنا ہے ، ہم کبھی لاک ڈاؤن نہیں کریں گے ۔آپ کا وزیر اعظم آپ کے ساتھ کے تحت عوام سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کا واحد طریقہ ویکسی نیشن کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام احتیاطی تدابیر اپنائیں ، ویکسی نیشن کے بغیر سکول نہ کھولے جائیں ، کورونا سے بچنے کیلئے سب سے بڑی احتیاطی تدبیر ویکسی نیشن کےبعد ماسک کا استعمال ہے ۔پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر پھیل رہی ہے ، بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ سب سے خطرناک قسم ہے جو تیزی سے پھیل رہی ہے مگر ہم نے سخت اقدامات اٹھائے اور اپنی معیشت کو بھی بچائے رکھا ، عوام کی جانب سے تعاون پر شکر گزار بھی ہوں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے سخت اقدامات اٹھانے کے باوجود لاک ڈاؤن نہیں کیا ، ہمارے ہمسایہ ملک بھارت نے بغیر سوچے سمجھے لاک ڈاؤن کا اقدام اٹھایا جس سے بھارت میں تباہی آگئی ، بھارت نے صرف ایلیٹ طبقے کا سوچا، انہوں نے یہ نہیں دیکھا کہ لاک ڈاؤن سے دیہاڑی دار طبقے کا کیا بنے گا، بہت سے لوگ دیگر دیہات سے شہروں میں روزگار کیلئے آئے ہیں لاک ڈاؤن سے وہ محصور ہو جاتے ہیں ۔ہماری معیشت بڑی مشکل کے بعد سنبھلی ہے ، اب لاک ڈاؤن کر کے دوبارہ معیشت کو خراب نہیں کر سکتے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close