کورونا کی چوتھی لہر انتہائی خطرناک، لاک ڈائون لگانے کا فیصلہ کب ہو گا؟ این سی او سی کا اہم اعلان

اسلام آباد (پی این آئی ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر انتہائی خطرناک ہے، اس میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کے حوالے سے فیصلہ کل کیا جائے گا۔معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ کورونا کی ڈیلٹا قسم برطانوی ویریئنٹ سے زیادہ خطرناک اور تیزی سے پھیلتی ہے۔ چوتھی لہر کے دوران شہروں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی وضع کرنے کیلئے تجاویز کل وزیر اعظم کو پیش کریں گے جس کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ کس طرح شہروں میں اہداف مخصوص کر کے سمارٹ لاک ڈاؤن کریں۔انہوں نے بتایا کہ اب تک پاکستان میں ویکسین کی تین کروڑ خوراکیں شہریوں کو لگائی جا چکی ہیں۔ پہلی ایک کروڑ ڈوز کو 113 جب کہ آخری ایک کروڑ خوراکوں کو صرف 16 دن لگے۔ حکومت ویکسی نیشن پر 200 ارب روپے لگا رہی ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ گزشتہ ہفتے روزانہ دو ڈھائی ہزار کے قریب کیسز آئے لیکن اب یہ تعداد پانچ ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close