یکم اگست 2021 سے سعودی عرب میں سیاحت کے دروازے کھولنے کا اعلان

ریاض (پی این آئی )سعودی عرب کی وزارت سیاحت نے اعلان کیا کہ مملکت میں سیاحوں کی آمد پر عاید عارضی پابندی یکم اگست سے بہ تدریج ختم کی جا رہی ہے۔ سعودی عرب کا سیاحتی ویزہ رکھنے والے افراد یکم اگست سے مملکت کا سفر کر سکیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزارت سیاحت کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں سیاحت کی بحالی کو صحت کے پروٹوکول سے مشروط کیا گیا ہے۔ صرف ان افراد کو مملکت میں سیاحت کے لیے داخلے کی اجازت ہوگی جو کرونا کی ویکسین لگوا چکے ہوں۔ کرونا ویکسی نیشن کا سرٹیفیکیٹ پیش کرنے پر بنیادی قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہو گی۔ اس کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو اپنے پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ اور 72 گھنٹے قبل کرونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ بھی پیش کرنا ہو گی۔جن لوگوں کی ویکسین مکمل ہو چکی ہے، وہی مملکت میں داخل ہو سکتے ہیں۔ سیاحت کی غرض سے سعودی عرب میں داخلے سے پہلے منظور شدہ ویکسین فائزر، آسٹرا زینیکا یا موڈرنا کی دو خوراکیں لینا ضروری ہیں جبکہ جانسن اینڈ جانسن کی ایک خوراک کافی ہے۔سیاحتی ویزے کے حصول کے لیے visitsaudi.com پر آن لائن رجسٹریشن کی جاسکتی ہے۔اس موقع پر وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ ہم ایک بار پھر سیاحوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ہمیں کرونا کی وجہ سے ایک وقفے کے بعد مملکت میں مہمانوں کی آمد پر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close