راولپنڈی(پی این آئی)آر می چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان کیلئے چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں داسو میں پیش آنے والے چینی باشندوں کو حالیہ واقعہ کے تناظر میں آرمی چیف نے حکومت چین اور چینی عوام بالخصوص سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان آزمائش کی ہر گھڑی پر پورا اترنے والے دوست ملک کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کو بھرپور معاونت، تعاون اور سیکورٹی کی یقین دہانی بھی کروائی۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جبکہ ہم امن کیلئے کام کررہے ہیں،ہمیں ان تمام دشمن فورسز کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے مضبوط رہنے کی ضرورت ہے جو ہمارے عزم کو چیلنج کر رہے ہیں،بالخصوص وہ عناصر جو چین پاکستان سٹرٹیجک تعاون کیلئے خطرہ ہیں۔ملاقات میں فریقین نے خطے میں امن واستحکام کیلئے بات چیت کا تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ دوسری جانب امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس میں افغانستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت پر گفتگو کی گئی۔ امریکی سفارتخانے کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے 19 جولائی کو اسلام آباد کا دورہ کیا،زلمے خلیل زاد نے وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے ملاقات کی۔ سفارتخانہ کے مطابق زلمے خلیل زاد نے افغان طالبان اور افغان حکومت کے درمیان سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔ امریکی سفارتخانہ کے مطابق ملاقاتوں میں افغانستان میں پائدار امن اور افغانستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت پر بات چیت کی گئی۔ سفارتخانہ نے کہاکہ افغانستان میں مستقل جنگ سے پورے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے،افغانستان میں امن سے علاقائی ترقی اور تجارت کو فروغ ملے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں