نیا کشمیر بنائیں گے ، عمران خان

بھمبر‘میرپور(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ لٹیرے بھاگ گئے مگر میں نہیں بھاگا کیوں کہ میراجینا مرنا یہیں ہے‘میں خود چوری نہیں کر رہا تو دوسرے کوکیسے پیسے بنانے دوں گا ‘25تاریخ کو ووٹ کی طاقت سے نیاکشمیر بنائیں گے ‘ میں کسی جج کو فون نہیں کرتا کہ 3 نہیں پانچ سال سزا دو،عمران خان سپریم کورٹ پر ڈنڈوں سے حملہ نہیں کر رہا۔پی ٹی آئی لاہور ہائی کورٹ کو کنٹرول نہیں کرتی‘اگر عدالتیں آزاد ہیں تو یہ لوگ باہر کیوں بیٹھے ہیں، دنیا میں تمام غریب ممالک کے لیڈر نواز شریف اور آصف زرداری جیسے نکلیں گے‘ آنے والے دنوں میں ہم مقبوضہ کشمیر کو آزاد دیکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھمبراور میرپورمیں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان ایک ایسی قوم ہو جب اس کا شہری پاسپورٹ لے کر جائے تو لوگ اس کی عزت کریں۔دنیا میں ہاتھ پھیلانے ‘بھیک اور قرضہ مانگنے والوں کی کوئی عزت نہیں ہوتی۔آزاد کشمیر کے عوام جب 25 جولائی کو ووٹ ڈالنے جائیں تو ووٹ ڈالنے سے قبل اپنے آپ سے سوال ضرور کریں کہ کیا وہ ایک ایسی جماعت کے لیڈر کوووٹ ڈال رہے ہیں جو سچا اور ایماندر ہے یا نہیں، کیا وہ کسی ایسے لیڈر کوووٹ تو نہیں ڈال رہا جو جھوٹ بولنے والا ہو اور بالی ووڈ کی ایکٹنگ کر کے بیماری کا بہانہ بنا کر باہر جائے۔یہ ایسی اداکاری تھی کہ ہماری کابینہ کی خواتین نے رونا شروع کر دیا کہ خدا نخواستہ جہاز کی سیڑھیاں بھی چڑھیں گے یا نہیں لیکن جیسے ہی لندن کی ہوا لگی وہاں دوسرا نواز شریف برآمد ہوا۔ان کا منشی اسحاق ڈار ہماری حکومت آنے سے پہلے بھاگ گیا تھا۔ان کا بیٹا بھی باہر ہے اسی طرح شہباز شریف کا بیٹا اور داماد بھی باہر ہیں، یہ کس سے ڈر رہے ہیں، عدالتیں تو آزاد ہیں، پی ٹی آئی کے دو وزراء کو بھی جیلوں میں بھیجا گیا، اگر ہم عدالتوں کو کنٹرول کرتے تو ہمارے وزراء کیسے جیلوں میں جا سکتے تھے‘اگر لیڈر ایماندار ہو گا تو امیدوار اور نیچے والا بھی ڈرے گا۔کمزور لوگ جیلوں میں جاتے ہیں اور طاقتور کا پوتا ملک سے باہر جا کرپولومیچ کھیلتا ہے، جو لوگ برطانیہ میں مقیم ہیں ان کو پتہ ہے کو پولو بادشاہوں کا کھیل ہوتا ہے اور اس کیلئے کافی پیسے چاہئے ہوتے ہیں، ان کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آ گیا یہ پیسہ اس ملک کے لوگوں کا ہے۔ہم سچائی اور انصاف کے راستے پر نکلے ہیں۔بعدازاں میرپور میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے جو جنیوا کنونشن کے تحت جنگی جرم ہے، بھارت اپنی کوششوں میں ناکام ہو گا اور پاکستان ہر فورم پر اس کے خلاف آواز اٹھائے گا‘ اگر غلط کام نہیں کیاتو ملک سے کیوں بھاگ گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close