اسلام آباد (پی آین آئی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں افغان سفیر نجیب اللہ علی خیل کی 26 سالہ صاحبزادی سلسلہ علی خیل کو بلیو ایریا سے اغواکئے جانے اور پانچ گھنٹے کے بعد زخمی حالت میں تہذیب بیکری کے پاس سے ملنے کی خبر سامنے آئی تاہم اب ایک اور سینئر صحافی مبشر زیدی نے مزید پریشان کن تفصیلات جاری کر دی ہیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مبشر زیدی نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ افغان سفیر کی صاحبزادی کو اسلا م آباد بلیو ایریا سے اغواکیا گیا جہاں وہ اپنے چھوٹے بھائی کیلئے تحفہ خریدنے کیلئے گئی تھیں ، پانچ گھنٹے کے بعد انہیں جب واپس چھوڑا گیا تو سلسلہ علی خیل کے ہاتھ اور پائوں بندھے ہوئے تھے ، ان کے دوپٹے کے ساتھ ایک ٹشو پیپر اور پچاس روپے کا نوٹ بندھا ہوا تھا جس پر لکھا تھا کہ ” اگلی باری تمہاری ہے” ۔افغان سفارتخانے نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے ۔دوسری جانب حکومت نے غیر ملکیوں کی سکیورٹی کے لیے پاک فوج کے ریٹائرڈ افسر بھرتی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پولیس میں ریٹائرڈ فوجی افسران کی بھرتی پر عائد پابندی ہٹانے کے لئے درخواست دائر کی گئی تھی۔ جس کے بعد حکومت کی جانب سے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ میں ایڈیشنل ڈائریکٹر کی تین نشستوں پر بھرتی کی منظوری دی گئی۔ان سیٹوں پر ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل اور ریٹائرڈ کرنل کو بطور ایڈیشنل ڈائریکٹر بھرتی کیا جائے گا۔ مطلوبہ قابلیت میں امیدوار ریٹائرڈ افسران کا فوج کی انفنٹری یونٹ سے ہونا اہمیت رکھے گا۔ جبکہ بھرتی ہونے والے ریٹائرڈ افسران کو ایک لاکھ 75ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دی جائے گی۔ حکام کے مطابق صوبے میں سی پیک کے پانچ اور اٹھاسی دیگر پراجیکٹس پر غیر ملکیوں کو سکیورٹی کی فراہمی کے لیے ریٹائرڈ فوجی افسران کو بھرتی کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں