اسلام آباد(پی این آئی)اسلام آباد میں پولیس نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے سے ایک مسلح شخص کو گرفتار کیا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شلوار قمیض پہنے ایک شخص ہاتھ میں پستول پکڑے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ڈی چوک میں سڑک کے درمیان کھڑا ہے جس سے کچھ فاصلے پر پولیس اہلکار کھڑے ہیں۔مسلح شخص کو بعد ازاں گرفتار کر کے تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کیا گیا۔سیکریٹریٹ تھانے کے نائب محرر محمد اجمل نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’حراست میں لیے گئے مسلح شخص کا ذہنی توازن درست نہیں۔‘نائب محرر کا کہنا ہے کہ ’زیر حراست شخص کے پاس کسی قسم کی کوئی شناختی دستاویز نہیں اور ایس پی سٹی ان سے خود پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔‘خیال رہے کہ سنہ 2013 میں بھی سکندر نامی ایک شخص نے ایوان صدر اور پارلیمنٹ سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر فائرنگ کرنی شروع کر دی تھی۔ سکندر نامی شخص کے ساتھ ان کی بیوی اور بیٹی بھی تھی۔ کئی گھنٹوں کے تناؤ کے بعد پولیس نے انہیں گولی مار کر زخمی کر دیا تھا۔ جس کے بعد ان پر انسداد دہشت گردی کی دفعہ چھ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں