امریکا کو ذمہ داری سے انخلا کرنا چاہیے تھا، افغانستان میں سول وار ہوئی تو کسی کا بھلا نہیں ہوگا، پاک فوج کے ترجمان کی کھل کر تنقید

راولپنڈی(پی این آئی) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ بھارت پروپیگنڈا کررہا، افغانستان کے مسائل کی وجہ پاکستان ہے، بھارتی کو اپنی سرمایہ کاری ڈوبتی نظر آرہی، سب کو معلوم ہے کہ افغانستان میں داعش اور ٹی ٹی پی ہے، امریکا کو ذمہ داری سے انخلا کرنا چاہیے تھا، افغانستان میں سول وار ہوئی تو کسی کا بھلا نہیں ہوگا، پاکستان اپنی زمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغان امن عمل کے بہت سے پہلو ہیں، پاکستان نے خلوص نیت سے امن عمل بڑھانے کی کوشش کی، امن عمل آگے بڑھانے میں پاکسان کا کردار کلیدی رہا، افغانستان نے کیسے آگے بڑھنا ہے یہ فیصلہ وہاں کے عوام نے کرنا ہے، پاکستان امن عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہا، امریکا نے افغان فوج کی تربیت پر بہت کھربوں روپے خرچ کیے، اس وقت افغان فوج کی پیشرفت خاص نہیں، اب تک خبروں کے مطابق طالبان کی پیشرفت زیادہ ہے، افغان فوج نے کہیں مزاحمت کی یا کرینگے یہ دیکھنا ہوگا، امریکہ نے تو افغانستان سے انخلا کرلیا ہے، اب افغانستان کے فریقین کو مل بیٹھ کرمسئلے کا حل نکالنا ہوگا، امریکا کا افغانستان سے انخلا کچھ جلدی ہوگیا، امریکا کو ذمہ داری سے انخلا کرنا چاہیے تھا۔پاکستان کو اس مسئلے میں موردالزام ٹھہرایا جاتا ہے، ہم امن عمل کیلئے کوشش کرتے رہے اور کرتے رہیں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بہت عرصہ پہلے پاک افغان سرحد کی مینجمنٹ کرنا شروع کردی تھی، افغان بارڈر پر90 فیصد تک باڑ لگا چکے ہیں، پاک افغان سرحد کی نگرانی کیلئے ایف سی کے نئے ونگ بنا دیے گئے ہیں، پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے دوران ہمارے جوانوں کی شہادتیں بھی ہوئیں، پُرامید ہیں کہ پاک افغان سرحد پر ہرطرح کی صورتحال پرقابو پا لیں گے، سب جانتے ہیں داعش، ٹی ٹی پی افغانستان میں موجود ہیں، سرحد پار سے حملوں سے متعلق معاملات افغان حکومت سے اٹھائے ہیں، جیسے انتظام ہم نے کیے وہ دوسری طرف سے بھی ہونےچاہئے تھے، افغانستان میں تشدد بڑھا تو مہاجرین پاکستان کی طرف آسکتے ہیں۔ہم نے اپنی سرزمین کو کسی کیخلاف نہ استعمال ہونے دینا ہے اور نہ ایسے عناصر کو آنے دینا ہے، ہم بہت کلیئر ہیں، اپنی سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، افغانستان میں سول وار ہوئی تو کسی کا بھلا نہیں ہوگا، افغانستان میں تمام دھڑے بھی جنگ سے تنگ آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کو بتانے کی کوشش کر رہا ہے کہ افغانستان کے مسائل کی وجہ پاکستان ہے، دنیا کومعلوم ہو چکا ہےکہ پاکستان نے افغان امن عمل کیلئے بہت کوشش کی،امن عمل آگے بڑھانے میں پاکستان کا کردار کلیدی رہا، بھارت اپنے پروپیگنڈے پر کسی کی توجہ حاصل نہیں کرپا رہا، بھارت کو افغانستان میں اپنی سرمایہ کاری ڈوبتی نظر آرہی ہے، پناہ گزینوں سے متعلق تمام خدشات موجود ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close