اسلام آباد(پی این آئی)وزیراعظم عمران خان نے نومنتخب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو فون کرکے افغان مسئلہ کے سیاسی حل پر زور دیا جبکہ مسئلہ کشمیر کی مستقل حمایت پر تہران حکومت کا شکریہ ادا کیا۔و زیراعظم آفس کے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور نومنتخب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں پاک ایران تعلقات، افغانستان کی صورتحال اور مسئلہ کشمیر پر گفتگو کی گئی۔وزیراعظم نے ایران کا صدارتی الیکشن جیتنے پر ابراہیم رئیسی کو مبارکباد دی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایران کے عوام نے آپ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر ایران کی حمایت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنمائوں نے پاک ایران اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کی بگڑتی سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ پناہ گزینوں کی آمد پاکستان اور ایران دونوں کے لئے سنگین خطرہ پیدا کر سکتی ہے۔وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعات کے حل پر زور دیا۔وزیراعظم عمران خان اور نومنتخب ایرانی صدر نے ایک دوسرے کو اپنے اپنے ممالک کے دوروں کی دعوت بھی دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں