ہمیں دھمکانے کا وقت گذر گیا، چینی صدر کا عالمی طاقتوں کو پیغام، غیر ملکی طاقتوں نے چین پر تسلط یا دھونس جمانے کی کوشش کی تو ان کا سر دیوار چین پر مار کر پاش پاش کردیں گے

بیجنگ (آئی این پی) چین کے صدر شی جن پنگ نے امریکہ سمیت عالمی طاقتوں کو خبردار کیا ہے کہ اب چین کو ڈرانے دھمکانے کا وقت ختم ہوگیا‘ کہ اگر غیر ملکی طاقتوں نے چین پر اپنا تسلط یا دھونس جمانے کی کوشش کی تو ہم ان کا سر دیوار چین پر مار کر پاش پاش کردیں گے۔ چینی کمیونسٹ پارٹی کے 100 سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی صدر نے عالمی طاقتوں کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ چین کو ڈرانے دھمکانے کا دور اب ختم ہوگیا ہے اور جس کسی نے بھی پارٹی اور چینی عوام کو علیحدہ کرنے کی کوشش کی اسے بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ ہم کسی کو بھی چین پر اپنا تسلط اور دھونس جمانے نہیں دیں گے، قومی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے کسی کو بھی چینی قوم کی صلاحیتوں کو نظر انداز نہیں کرناچاہیے تاہم اگر غیر ملکی طاقتوں نے چین پر اپنا تسلط یا دھونس جمانے کی کوشش کی تو ہم ان کا سر دیوار چین پر مار کر پاش پاش کردیں گے۔چینی صدر نے کہا کہ صرف سوشلزم میں ہی چین کی بقا اور ترقی ہے، ہم اپنی خود مختاری، سیکیورٹی اور ترقیاتی مفادات کے تحفظ کے لیے قابل اعتماد اور زبردست صلاحیتوں سے آراستہ ہیں تاہم ملکی دفاع اور مسلح افواج کو مزید جدید خطوط پر استوار کرنے کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے پیغام دیا کہ بیرونی طاقتوں کے خلاف پنجہ آزمائی میں کسی کو بھی چینی قوم کی رِٹ اور طاقت کو کم تر نہیں سمجھنا چاہیے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں