اسلام آباد (پی این آئی )پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے عوام کو ٹیلیفون کالز پر عائد کئے گئے ٹیکس سے بچنے کا طریقہ بتا دیا۔تفصیلات کے مطابق ہمایوں اختر خان نے ایک ٹی وی پروگرام میں پانچ منٹ سے لمبی موبائل فون پر ٹیکس عائد کرنے کے حوالے سے کہا، ‘نوجوانوں کو کہتا ہوں اب رات کو لمبی کالیں نہ کریں اب اس پر ٹیکس لگے گا، شاید اس سے کچھ بہتری ہو۔ نجی ٹی وی آج کے مطابق انہوں نے مزید کہا، ‘کام کی بات تو پانچ منٹ میں ہو جاتی ہے، اگر لمبی بات کرنی ہو تو پانچ منٹ کی کال پوری ہونے سے پہلے بند کر کے دوبارہ کال کر لی جائے۔دوسری جانب ٹیلی کام انڈسٹری نے پانچ منٹ کی موبائل فون کالز پر 75 پیسے اضافی ٹیکس کو ناقابل عمل قرار دے دیا ہے۔ ٹیلی کام انڈسٹری کا کہنا ہے کہ پانچ منٹ کی موبائل فون کالز پر 75 پیسے اضافی ٹیکس سے بنڈل آفر کی سہولت والے 98 فیصد پری پیڈ صارفین کے لیے مشکلات پیدا ہوجائیں گی۔ٹیلی کام انڈسٹری کا کہنا ہے کہ نئے ٹیکس کا اطلاق آپریٹرز کی جانب سے عوام کی سہولت کے لیے فراہم کیے جانے والے بنڈلز کے خاتمے کا باعث بن سکتا ہے۔ٹیلی کام انڈسٹری کے مطابق یہ ٹیکس صارفین کو پانچ منٹ سے پہلے کال کاٹ کر دوبارہ ملانے کی جانب راغب کرسکتا ہے جس سے وہ اضافی ٹیکس سے بچ جائیں گے اور حکومت کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔حکام کے مطابق اضافی ٹیکس صرف ٹیلی کام آپریٹرز کے لیے پیچیدگی اور عوام کے لیے تکلیف کا باعث بنے گا۔دوسری جانب ٹیلی کام ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم جولائی سے 5 منٹ سے زائد دورانیے کی کال مہنگی کردی جائے گی، بجٹ میں 5 منٹ سے زائد موبائل کال پر 75 پیسے اضافے ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 منٹ کی موبائل فون کال پر پہلے ہی 19.5 فیصد ایف ای ڈی اور دیگر ٹیکسز عائد ہیں، پرانے ٹیکسز کے ساتھ 5 منٹ کی کال ایک روپیہ 98 پیسے کی تھی، نئے ٹیکس سے 5 منٹ سے زائد کی کال 2 روپے 72 پیسے کی ہوگی۔ذرائع کے مطابق حکومتی فیصلے سے پری پیڈ پیکیجز زیادہ مہنگے ہوں گے جو کم آمدن والے افراد استعمال کرتے ہیں، 5 منٹ سے زائد کی کال پر اس اضافے سے ٹیکس ریٹ 65 فیصد تک پہنچ جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں