پاکستان کسی صورت امریکہ کو اڈے نہیں دیگا، وزیر اعظم کا امریکہ کو اڈے دینے سے صاف انکار

اسلام آباد (پی این آئی )وزیراعظم عمران خان نے امریکا کو افغانستان میں کارروائی کے لیے اڈے دینے سے صاف انکار کر دیا۔ غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے واضح کر دیا کہ افغانستان میں ایکشن کے لیے کسی کو بھی پاکستانی زمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے یہ ممکن ہی نہیں کہ ہم امریکا کو افغانستان میں ایکشن کے لیے پاکستان میں اڈے دیں۔ گذشتہ دنوں پاکستانی اور غیرملکی میڈیا میں پاکستان کی جانب سے امریکا کو زمینی و فضائی راستہ فراہم کرنے کی رپورٹس سامنے آئی تھیں جن کی دفترخارجہ نے بھی تردید کی تھی۔ اس سے قبل سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں امریکی اڈوں کی خبر کو واضح الفاظ میں بے بنیاد کہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ہوتے ہوئے امریکی اڈا پاکستان میں نہیں بنے گا۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تناظر میں ایک بار پھر عالمی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والوں اور انتہاپسندی کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، نفرت پھیلانے والی ویب سائٹس کے خلاف بین الاقوامی سطح پر کارروائی ہونی چاہیے، بعض بین الاقوامی رہنما اور مغربی ممالک کی قیادت اس معاملے کو نہیں سمجھ رہے، آزادی اظہار رائے کی حد وہاں تک ہے جہاں تک دوسرے انسان اس سے مجروح نہ ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن انٹاریو میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات کے حوالے سے کینیڈین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (سی بی سی) کو ایک انٹرویو میں کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں