حبیب بینک کی دو نمبری پکڑی گئی اکائونٹس ہولڈرز میں تشویش کی لہردوڑ گئی

اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بینک کی بدانتظامی کے خلاف شکایت پر بینکنگ محتسب کی جانب سے مناسب کارروائی نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے پر قانون اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کا حکم دیا ہے۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق لاہور کی رہائشی خاتون روبی انوار نے حبیب بینک میں اپنے اکاؤنٹ سے 140000 روپے کی رقم بغیر اجازت منتقل کئے جانے اور بینک کی بد انتظامی پر کوئی کارروائی نہ ہونے کی شکایت کی۔ انہوں نے بنکنگ محتسب کو اپنی شکایت میں بتایا کہ متعلقہ بینک کے سامنے اس بدانتظامی کا معاملہ اٹھایا گیا لیکن انہیں کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔ بینکنگ محتسب نے مناسب تفتیش کے بغیر اور شکایت کنندہ کو سنے بغیر کیس بند کردیا جس پر شکایت کنندہ نے بینکنگ محتسب کے فیصلے کے خلاف صدر مملکت کو اپیل کی۔صدر عارف علوی نے خاتون شہری کی شکایت پر مناسب کارروائی نہ کرنے اور انصاف کے تقاضے پورے نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور بینکنگ محتسب کے انکوائری بند کرنے کے فیصلے کو بھی مسترد کردیا ہے۔ صدر مملکت نے ہدایت کی ہے کہ شکایت کنندہ کو سننے کا پورا موقع فراہم کیا جائے، انصاف کے تقاضے پورے نہ کرنے سے معاشرے میں مایوسی اور ناامیدی پھیلتی ہے۔ صدر مملکت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ اس معاملے میں بینکنگ کمپنیز آرڈیننس کی انکوائری کے متعلق شقوں کو نظر انداز کیا گیا ہے، بینکنگ محتسب شکایت کنندہ کو شنوائی کا موقع فراہم کرے اور قانون کے مطابق مناسب کارروائی، انکوائری اور انصاف کے تقاضے پورے کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں