حکومت روٹی کپڑا اور مکان دے گی، وعدہ کر لیا گیا

اسلام آباد/کراچی(پی این آئی) چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اقتدار میں آئے گی تو عوام کو روٹی، کپڑا، مکان اور روزگار ملے گا، ملک میں دائیں بازو کی جماعتوں کی پالیسیاں ناکام ہوچکیں، پاکستان پیپلزپارٹی کی معاشی پالیسیاں ہی ملک کو آگے لے جاسکتی ہیں، میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری اپنے ایک بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ صرف پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ اپنی معاشی پالیسیاں عام آدمی کے ماہانہ بجٹ کو سامنے رکھ کر بناتی ہے جبکہ دائیں بازو کی جماعتوں کی معاشی پالیسیاں صرف امیروں کو فائدہ پہنچاتی ہیں، روٹی، کپڑا، مکان اور روزگار کے وعدے کو پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے ہر دور میں نبھایا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ جب پاکستان پیپلزپارٹی کی وفاقی حکومت تھی تو پانچ افراد کے عام گھرانے کی مہینے میں آٹے کی ضروریات ایک ہزار 975 روپوں میں پوری ہوجاتی تھیں جبکہ آج عمران خان کی حکومت میں پانچ افراد کے عام گھرانے کی آٹے کی ماہانہ ضروریات ساڑھے تین ہزار روپوں میں پوری ہورہی ہیں، انہوں نے بتایا کہ پی پی پی دورِ حکومت میں ایک عام گھرانا اپنے بچوں کے کپڑے 600 روپوں میں خرید لیتا تھا اور آج وہ اس مد میں تین ہزار 600 روپے خرچ کررہا ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ پی پی پی دورِ حکومت میں پانچ افراد کا ایک عام کنبہ گھر کے کرائے کی مد میں اوسطاً ساڑھے تین ہزار روپے ادا کرتا تھا اور آج 22 ہزار روپے ادا کررہا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اگر عالمی اقتصادی بحران کی وجہ سے پی پی پی دور میں مہنگائی میں اضافہ ہوا تو اسی اعتبار سے ہم نے 59 فیصد تک عام آدمی کی آمدنی میں بھی اضافہ کیا اور پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے وفاقی دورِ حکومت میں تنخواہوں کی مد میں 150 فیصد تک کا اضافہ کیا تاکہ عالمی اقتصادی بحران کا بوجھ عام آدمی پر نہ پڑے، اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی انشااللہ آئندہ حکومت بنا کر عوام کے بنیادی مسائل کو ہمیشہ کی طرح حل کرتی رہے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں