اسلام آباد(پی این آئی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔ شہدا میں بشیر شاہ اور اشتیاق شاہ شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق فائرنگ تھانہ شمس کالونی کی حدود میں کی گئی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں۔نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق شہید اہلکاروں کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔علاقہ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ آئی جے پی روڈ سی ٹی ٹی آئی کالج کے قریب پیش آیا ہے۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے اور اس نے اطراف کی ناکہ بندی بھی کردی ہے۔پولیس کے اعلیٰ افسران بھی جائے وقوع پر پہنچ چکے ہیں جب کہ تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ جمعہ کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے ہمدردی کاا ظہار کیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فائرنگ کے واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتارکیا جائے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعات پر انتہائی تشویش ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں