کیاملک بھر کی مساجد میں اب سرکاری خطبہ دیا جائیگا؟ علامہ طاہر اشرفی نے واضح کردیا

اسلام آباد (پی این آئی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ مساجد میں سرکاری خطبات کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، اسلامی نظریاتی کونسل نے مساجد میں خطبات کے لئے فہرست تیار کی ہے جس کا مقصد علمااور خطیبوں کی معاونت کرنا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کسی بھی مدرسے اور مسجد کو کوئی خطرہ نہیں، گزشتہ اڑھائی سال میں کسی بھی مدرسے پر چھاپہ نہیں مارا گیا جبکہ ماضی میں مدرسوں پر روز چھاپے مارے جاتے تھے، وہ خود مدرسے کے طالب علم رہے ہیں اور انہیں مسجد سے تعلق پر فخر ہے۔دریں اثنا وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر اشرفی نے رواں برس حج کے اخراجات میں خاطر خواہ اضافے کا امکان ظاہر کردیا۔ ایک انٹرویومیں طاہر اشرفی نے کہا کہ عازمین حج کو انتظار کرنا چاہیے کیونکہ ابھی سعودی حکومت کی جانب سے حج کے حوالے سے کوئی نمبرز نہیں آئے۔انہوں نے کہا کہ سعودی وزارت صحت کی حتمی ہدایات آنے پر وزارت مذہبی امور تفصیلات بتائے گی اور اس کے بعد ہی حج کیاخراجات کا اعلان ہوگا۔حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ اس بار کورونا کی وجہ سے حج کے اخراجات پچھلی بار سے بڑھ جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close