اسلام آباد(پی این آئی)وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کے لئے روزگار کے دو پروگرام متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنر مندی کی تعلیم کے لئے ایک لاکھ 70 ہزار سکالر شپس دیئے جائیں گے،50 ہزار سکالر شپس جدید ٹیکنالوجیز کے لئے دی جائیں گی، کامیاب جوان پروگرام کے تحت کاروبار کے لئے 100 ارب روپے کے قرضے میرٹ پر دیں گے، ہر سال نوجوانوں کے لئے فنڈز میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارمنگل کو یہاں جوانوں کے لئے اہم ویڈیو پیغام میں کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں سرکاری ملازمت مل جائے لیکن حکومت کے لئے تمام نواجونوں کو سرکاری ملازمت فراہم کرنا ممکن نہیں۔ پہلے ہی سرکاری ملازمین کی تعداد زیادہ ہے اور پینشن کابل بڑھ رہا ہے۔ تاہم حکومت اس سلسلے میں بھی روزگار کے پروگرام متعارف کرارہی ہے، پورے ملک میں روزگار نجی شعبے میں حاصل ہوتا ہے یا پھر لوگ خود اپنا کاروبار شروع کرتے ہیں۔جھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتیں لگائی جاسکتی ہیں۔سٹارٹ اپس میں نئے آئیڈیاز کے تحت آمدنی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ اس سلسلے میں حکومت دو پروگرام لارہی ہے ۔ ہنرمندی کی تعلیم کے لئے ایک لاکھ 70ہزار سکالر شپس دیئے جائیں گے۔اس سے نوجوانوں کو ہنرمندی کی تربیت دی جائے گی اس میں سے ایک سال میں 50ہزار سکالر شپس جدید ٹیکنالوجی سے متعلق ہوں گے جن میں مصنوعی ذہانت اور بینک ڈیٹا وغیرہ شامل ہیں، چھ چھ ماہ کے کورسز کے بعد نوجوانوں کو ایسی ملازمتیں ملی گی جن کے بارے میں نواجونوں نے سوچا بھی نہیں ہوگا۔دنیا تیزی کے ساتھ ٹیکنالوجی کے انقلاب کی طرف جارہی ہے ، وزیراعظم نے کہا کہ اگر نوجوانوں کے پاس اپنے کاروبار شروع کے لئے اگر آئیڈیاز ہیں اور ان کے پاس مالی وسائل نہیں ہیں تو اس کے لئے 100 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جن سے کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو قرضے دیئے جائیں گے جن سے نوجوان اپنی دکان کھولنا چاہیں یا کوئی دوسرا کاروبار کرنا چاہیں تو وہ کاروبار کرسکتے ہیں ، اس کے لئے میرٹ پر قرضے دیئے جائیں گے۔سب سے زیادہ فنڈز اس مقصد کے لئے ہم نے مختص کئے ہیں تاکہ نوجوان خود اپنا کاروبارشروع کرسکیں اور اپنے پائوں پر کھڑے ہو سکیں۔ ہر سال اس سلسلے میں فنڈز میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو مستفید کیا جاسکے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ نوجوانوں کوخود بھی روزگار ملے اور یہ ملک کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کرسکیں۔ امید ہے کہ سکل ایجوکیشن اور کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں سے نواجوں بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں