لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف پرحملہ، ابتدائی تفصیلات آگئیں

لندن(پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز شریف نے کہا کہ لندن میں نواز شریف پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی گئی۔رپورٹس کے مطابق جمعے کو لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کے دفتر میں نامعلوم افراد نے داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔سینٹرل لندن میں واقع حسن نواز کے دفتر میں نواز شریف، اسحاق ڈار اور عابد شیر علی بھی موجود تھے۔اس دوران دفتر میں نامعلوم افراد نے داخل ہونے کی کوشش کی ہے، حسن نواز کے دفتر پر آنے والے افراد نے نواز شریف کے گارڈز سے بحث بھی کی۔لندن پولیس نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔مریم نواز نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’نواز شریف کی زندگی کے ساتھ دوران حراست کھلواڑ کرنے والے اب تک باز نہیں آئے۔نواز شریف کا مقابلہ اس سوچ سے ہے جس نے میری بیمار والدہ کی تصویریں بنانے کی کوشش کی،ہوٹل میں میرے کمرے کا دروازہ توڑا اور آج پھر نواز شریف پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی۔ خدا کسی کو کم ظرف اور بزدل دشمن نہ دے۔‘دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی لندن میں حسن نواز کے دفتر میں نامعلوم افراد کے گھسنے کی کوشش پر تشویش کا اظہار کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لندن پولیس اور متعلقہ حکام اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرائیں اور ذمہ داروں کو سزا دیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close