اسرائیل اپنا غیر قانونی قبضہ ختم کرے، وزیر خارجہ کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دبنگ تقریر، اسرائیل کو وارننگ دیدی

نیویارک(پی این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بس بہت ہوگیا، اسرائیلی مظالم روکنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں اور غزہ کی مخدوش صورتحال پر بین الاقوامی افواج غزہ کے اندر تعینات کی جائیں۔غزہ کی صورتحال پر نیویارک میں بلائے گئے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ اب اسرائیل کو کہا جائے کہ بس بہت ہوگیا، اسرائیل کو انسانیت کے خلاف ان جرائم کی معافی نہیں ملنی چاہیے، انسانی حقوق کے عالمی ادارے جنگی جرائم پر اسرائیل سے بازپرس کریں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے مظلوم فلسطینی باشندوں پر ظلم کی انتہا کررکھی ہے، اسرائیلی مظالم سے درجنوں فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی، پچاس ہزار بے گھر ہوگئے، بمباری کے سبب غزہ میں اشیائے خورونوش کی قلت ہے، غزہ اندھیرے میں ڈوب چکا اور روشنی صرف اسرائیلی میزائل حملوں کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی مظالم روکنے کے لیے فوری اقدامات کا وقت آچکا، سلامتی کونسل کی جانب سے اپنی ذمہ داریوں سے غفلت افسوس ناک ہے، آج ہم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کچھ کرتے ہیں یا نہیں یہ تاریخ کا حصہ بن جائے گا، اسرائیلی جارحیت کا فوری خاتمہ عالمی برادری کی ترجیح ہونی چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close