چوہدری نثار اور شہباز شریف میں رابطہ، چوہدری نثار دوبارہ ن لیگ میں شامل ہونے جارہے ہیں؟ سیاسی میدان سے بڑی خبر آگئی

لاہور (پی این آئی)ملکی سیاسی صورتحال میں ایک بار پھر ہلچل، اسمبلی میں انٹری سے قبل چوہدری نثار کی شہباز شریف سے ملاقات، چوہدری نثار کی جانب سے شہباز شریف کی مسلم لیگ ن میں دوبارہ شرکت کی دعوت قبول کیے جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق چودھری نثار اور شہباز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے ۔جس سے ملکی سیاسی صورتحال میں ایک بار پھر ہلچل مچنے کاامکان ہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ چودھری نثار علی خان اور ن لیگ کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، چودھری نثار نے شہبازشریف کو رہائی پر مبارکباد دی،دونوں رہنماؤں کے درمیان موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔ ذرائع کاکہناہے کہ چودھری نثار سوموار کو لاہور پہنچیں گے ،چودھری نثار کی سوموار کو اپوزیشن لیڈر شہبازشرف سے ملاقات متوقع ہے، شہبازشریف سے ملاقات کے موقع پر حمزہ شہباز بھی موجود ہوں گے ۔واضح رہے کہ حکومت کی انتخابی اصلاحات کا بل قومی اسمبلی میں لانے کی تیاری کی وجہ سے شہباز شریف نے چوہدری نثار کو پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھا کر ن لیگ میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔ اسحاق ڈار کی رکنیت بچانے کیلئے بھی شہباز شریف سرگرم ہیں۔مسلم لیگ ن سے ناراض چودھری نثار او ر مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما او ر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی اسمبلی رکنیت کو خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔وفاقی حکومت انتخابی اصلاحات کا بل قومی اسمبلی میں لارہی ہے، مجوزہ اصلاحات کے نتیجے میں انتخاب کے تین ماہ تک حلف نہ اٹھانے کی صورت میں سیٹ خالی ہو جائیگی۔اگر یہ انتخابی اصلاحات منظور ہو جاتی ہیں توچودھری نثار اور اسحاق ڈار اپنی سیٹوں سے محروم ہو جائیں گے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ شہباز شریف سرگرم ہو گئے ہیں اور انہوں نے چودھری نثار کو پنجاب اسمبلی کی رکنیت بچانے کے لئے حلف اٹھانے کا مشورہ دیا ہے۔پنجاب اسمبلی کا حلف اٹھانے کی صورت میں چودھری نثار کی نون لیگ میں واپسی کا بھی امکان ہے۔ادھر اسحاق ڈار پر مقدمات قائم ہیں اور وہ ان دنوں لندن میں مقیم ہیں۔ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار صرف اپنی سیٹ بچانے کیلئے گرفتاری کا خطرہ مول نہیں لے سکتے،اس لئے اگر انتخابی ا صلاحات منظور ہو جاتی ہیں تو اسحاق ڈار نشست سے محروم جائیں گے۔واضح رہے کہ 2018کے انتخابات میں چودھری نثار رکن پنجاب اسمبلی اور اسحاق ڈار رکن قومی اسمبلی منتخب ہو ئے تھے۔یاد رہے کہ سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا شمار مسلم لیگ ن کی پالیسی ساز رہنماؤں کی صف میں ہوتا تھا لیکن پارٹی سے اختلافات کی وجہ سے انہیں الیکشن میں بھی شدید نقصان اُٹھانا پڑا اور قومی اسمبلی کی کسی نشست سے کامیابی ان کا مقدر نہیں ہوئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں