رنگ روڈ منصوبے کی انکوائری کے بعد وزیراعظم عمران خان کو پہلا بڑا دھچکا، اہم حکومتی شخصیت مستعفی ہو گئی

لاہور(پی این آئی ) وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے استعفیٰ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی اور معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زلفی بخاری کا نام راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل میں آیا جس کے بعد انہوں نے عہدے دے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔ذرائع کے مطابق زلفی بخاری نے راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل میں نام آنے کے بعد شفاف تحقیقات کیلئے عہدےسے استعفیٰ دیا۔ استعفیٰ دینے کے بعد زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کیساتھ کھڑے ہیں۔ دوسری جانب ترجمان حکومت پنجاب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈی جی اینٹی کرپشن کو ہدایت کی ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی انکوائری کرکے ایک جامع رپورٹ مرتب کی جائے۔ڈی جی اینٹی کرپشن فوری طور پر راولپنڈی رنگ روڈ پر تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیں۔ انکوائری کمیٹی میں متعلقہ ماہرین کو شامل کیا جائے۔ انکوائری کے بعد جامع رپورٹ مرتب کی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں کسی بھی قسم کی کرپشن پر زیروٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جاتا ہے۔ کرپشن کرنے والے انجام کار سے نہیں بچ سکیں گے۔راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کے تمام کرداروں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔ دوسری جانب چیئرمین نیب نے راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ اس ضمن میں چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیمیں منصوبے میں بدعنوانی کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں اور کرپشن کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ دوسری جانب راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی انکوائری مکمل ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمدانوارالحق کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ، ڈپٹی کمشنر جہلم بلال ہاشم کو ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا اضافی چارج دے دیا گیا جب کہ اسکینڈل کی انکوائری مکمل ہونے پر ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہریار عارف کو ڈپٹی کمشنر اٹک کا اضافی چارج دیا گیا ہے جب کہ شعیب علی اے ڈی سی آر ریونیو کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، اے ڈی سی جنرل راولپنڈی قاسم اعجاز کو اے ڈی سی آر ریونیو راولپنڈی کا اضافی چارج سونپا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close