رانا ثناء اللہ بھی جہانگیر ترین کے حق میں بول پڑے

لاہور ( آن لائن )مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء ا للہ نے کہا ہے کہ وزیرداخلہ جھوٹ بول رہے ہیں کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا، قومی اسمبلی کا کا اجلاس مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کے لئے نہیں بلکہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے بلایا گیا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اپوزیشن کے خلاف حکومت گھٹیا مہم جوئی میں مصروف ہے، ہمارے حکمران مظلوم مسلمانوں کی بجائے شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلیے اجلاس بلاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مسلم حکومتیں بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہیں،کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں پر مظالم ہو رہے ہیں اور اس مرحلے پر بھی اس حکومت کو عوام کی فکر نہیں ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت کو سوائے انتقام اور اے ٹی ایم بھرنے کے اور کوئی کام نہیں،انہیں ملک عوام اور مظلوم مسلمانوں سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ اب پی ڈی ایم اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی، عید کے بعد پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں اہم فیصلے ہوں گے، پی ڈی ایم میں ہمارا استعفوں کے معاملے پر اختلاف ہوا تھا، اب اجلاس میں کچھ نہ کچھ حل نکلے گا۔نون لیگ پنجاب کے صدر نے پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کے حوالے سے کہنا تھا کہ ہمارا جہانگیرترین سے کوئی رابطہ نہیں ہوا،جہانگیرترین کے ساتھ جو ہو رہا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کاروباری معاملات کو کرمنلز کیس میں ڈالا جا رہا ہے، جہانگیر ترین کے خلاف جو کارروائی ہو رہی ہے وہ انتقامی کارروائی ہے،کسی بھی کاروباری گروپ کے خلاف اس قسم کی کارروائیاں نہیں ہونی چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں