اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کابینہ کی منظوری اور قانونی ضابطے مکمل ہونے پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے۔ پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں متعلقہ ریکارڈ اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کورونا پر سیاست نہیں کرنا چاہتے لیکن نون لیگ کی لیڈرشپ اپنے ہمسایہ دوستوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کورونا ایس او پیز کی دھجیاں اڑائے تو اس کی بھرپور مذمت کرنا فرض ہے۔پیر کو اپنے ٹویٹس میں انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہمیں احتیاط کے باعث محفوظ رکھا ہے، ایسی اوچھی اور غیرمحتاط حرکتوں سے آپ کی سیاست زندہ نہیں ہو گی صرف کورونا پھیلے گا۔ انہوں نے کہا کہ بطور شہری اور سیاسی لیڈر بھی کچھ ذمہ داریاں ہیں، اگر سیاسی رہنما اپنی ذات سے آگے نہیں سوچ سکتے تو انہیں قیادت کا دعویٰ نہیں کرنا چاہئے، احساس اور ذمہ داری قیادت کے بنیادی اصول ہیں لیکن ن لیگ کی قیادت دونوں سے محروم نظرآتی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے ن لیگ کےجلسے کی تصویر بھی شیئر کی ہے جس میں حمزہ شہباز اور جلسے کے شرکا کی بڑی تعداد بغیر ماسک کےدکھائی دے رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close