شوال کا چاند نظر آگیا، ملک بھر میں آج جمعرات کو عید منانے کا اعلان

اسلام آباد (آئی این پی ) شوال کا چاندنظر آگیا ۔ملک بھر میں آج جمعرات کو عیدمنانے کا اعلان کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو ہی پشاور کی مسجد قاسم خان کی مقامی اور غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی نے شوال کا چاند نظر آنے کااعلان کیا۔مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے مطابق مردان، چارسدہ، صوابی اور کوہاٹ سمیت متعدد علاقوں سے شہادتیں موصول ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ مسجد قاسم علی خان کی مقامی کمیٹی کو 23 شہادتیں موصول ہوئی جن کو شرعی پیمانے پر پرکھنے کے بعد کمیٹی نے آج بروز جمعرات 13 مئی 2021 کو یکم شوال المکرم عید الفطر کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام شہادتیں زونل کمیٹی تک پہنچا چکے ہیں۔ادھر عید الفطر کی رویت کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین مولاناعبدالخبیرآزاد کی سربراہی میں ہوا ۔ اسکے علاوہ زونل اور ضلعی ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر ہو ئے ۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہاکہ شوال کا چاند نظر آگیاہے ، آج یکم شوال لمکرم ہے اور آج جمعرات کو عید ہوگی ۔تمام مسلمان عیدالفطر پرکورونا ایس اوپیز پر مکمل عملدرآمد کریں ۔مولانا عبدالخبیر آزاد نے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی اور ملکی کی سلامتی ، ترقی و خوشحالی کیلئے بھی دعا کی گئی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close