چیف سیکریٹری پنجاب بھی فردوس عاشق اعوان کے خلاف سامنے آگئے

لاہور(پی این آئی )وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کی جانب سے سیالکوٹ کی اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کو ڈانٹنے پر چیف سیکریٹری پنجاب جواد رفیق ملک کا رد عمل بھی سامنے آگیا۔ان کاکہنا ہے کہ کسی کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ سرکاری افسران کی تذلیل کرے، افسوس ناک واقعے سے متعلق تحفظات وزیراعلیٰ پنجاب تک پہنچا دیے ہیں۔نجی نیوز جیو کے مطابق ان کا کہناتھا کہ سیالکوٹ کے رمضان بازارمیں انتظامی افسرسے غیرمہذب برتاو¿کی مذمت کرتے ہیں، اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف اور دیگر انتظامی افسران کورونا وباکے باوجود فرنٹ لائن پر موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی سرکاری افسریاعملے سے غیر اخلاقی زبان استعمال کرنا قابل مذمت ہے،پنجاب بھرمیں انتظامی افسران عوام کی سہولت کے لیے فیلڈمیں ہیں جوقابل ستائش ہے۔یاد رہے گزشتہ روزوزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) سیالکوٹ سونیا صدف کو بازار میں سب کے سامنے ڈانٹ پلادی تھی۔فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں بازار کا دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ بھی لیا۔ اس دوران معاون خصوصی نے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کو بازار میں سب کے سامنے ڈانٹ دیا اور کہا کہ افسر شاہی کی کارستانیاں حکومت بھگت رہی ہے، آپ اے سی ہیں توعوام کا سامنا کریں چھپ کیوں رہی ہیں؟فردوس عاشق نے کہا کہ ہر شہر کے رمضانبازار کا دورہ کیا مگر سب سے برا حال سیالکوٹ کا ہے، آپ کی حرکتیں ہی اسسٹنٹ کمشنر والی نہیں۔کس بے غیر ت آپ کو اے سی لگایا ہے، بھرے بازار میں فردوس عاشق اعوان نے اے سی کی بے عزتی کر دی، ڈانٹ ڈپٹ کے دوران اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف غصے سے پنڈال سے باہر نکل گئیں۔واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close