کورونا وائرس پر قابو پانے کا واحد علاج کیا ہے؟ ڈاکٹر عطاءالرحمان نے سب کچھ بتا دیا

اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم کے نیشنل ٹاسک فورس برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے چیئرمین ڈاکٹر عطاءالرحمان نے کہا ہے کہ لوگوں کو حکومت کی جانب سے ملک بھر میں مہلک وبا پر قابو پانے کیلئے جاری کی گئی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرنا چاہیے، جب تک بھاری مقدار میں اینٹی کورونا ویکسین دستیاب نہیں ہوتی تب تک وبا پر قابو پانے کیلئے احتیاط اور ایس او پیز

کو مناسب طریقے کے ساتھ فالو کرنا واحد علاج ہے۔ پی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں وبا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرنا ناگزیر ہے بصورت دیگر حالات مزید بدتر ہونے کا خدشہ ہے، عوام کو چاہیے کہ وبا کے بڑے پیمانے پر پھیلائو کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کریں۔ ڈاکٹر عطاءالرحمان نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر پہلی دو لہروں کے مقابلے میں زیادہ خطرناک اور مہلک ہے، یہ تیزی کے ساتھ پھیلتی ہے اور آسانی سے دوسروں کو متاثر کرتی ہے۔انہوں نے عوام پر زور دیا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر پر قابو پانے تک عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، ہجوم اور تقاریب میں جانے سے گریز کریں۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عطاءالرحمان نے کہا کہ اس وقت دنیا میں اینٹی کورونا وائرس ویکسین کی ڈیمانڈ بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے کئی ممالک کو بھاری مقدار میں ویکسین حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ویکسین کی دستیابی کے بعد آنے والے مہینوں میں صورتحال بہتر ہو جائے گی، میڈیا لوگوں کو کورونا وائرس کی حساسیت کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے تاہم اس معاملے پر ہر ایک کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close