وزیراعظم نے کورونا ایس اوپیزپرعملدرآمد کیلئے فوج طلب کرلی

اسلام آباد(پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر شہروں میں فوج طلب کرلی، فوج طلب کرنے کا مقصد ہے کہ ایس او پیزپرمکمل عملدرآمدکرایاجا سکے۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایس او پیز پر ٹھیک طریقے سے عمل کیا تو شہروں میںلاک ڈاؤن نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے فوج کو کہا ہےکہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے ہماری فورسز کے ساتھ سڑکوں پر آئے، ہم اب تک لوگوں کو ایس او پیز پر چلنے کا کہتے رہے ہیں لیکن لوگوں میں کوئی خوف نہیں اور کوئی احتیاط نہیں کررہے، اس لیے فوج کو پولیس اور فورسز کی مدد کرنے کا کہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا سے سب سے بڑی احتیاط ماسک ہے، اس سے آدھا مسئلہ حل ہوجاتا ہے، اس لیے سب ماسک پہنیں، اس کے لیے اب ہم پوری طرح زور لگائیں گے، ہماری پولیس زور لگائے گی اور اس پر فوج بھی اس کی مدد کرے گی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ عوام کی احتیاط کی وجہ سے وبا رک سکتی ہے، جب تک قوم مل کر مقابلہ نہیں کرے گی تو وبا سے نہیں جیت سکتے، پچھلی بار رمضان سے پہلے جس طرح قوم نے ایس او پیز پر عمل کیا شاید اس وقت زیادہ خوف تھا، لگتا ہے اب لوگ تھک گئے ہیں لیکن اُ س وقت اور اب میں زمین آسمان کا فرق ہے، اب ہم سختی کریں گے، امید رکھتا ہوں اگر آپ ایس او پیز پر عمل کریں گے تو ہمیں شہروں کا لاک ڈاؤن نہیں لگانا پڑے گا۔ کوروناوبا کے باعث مزید 144 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 5870 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 53 ہزار 818 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 11,431,24 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 5 ہزار 870 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 784,108 ہوگئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ75 ہزار 815 ، پنجاب میں 2 لاکھ 82 ہزار 469، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 10 ہزار 875، اسلام آباد میں 72 ہزار 150، بلوچستان میں 21 ہزار 365 ، آزاد کشمیر میں 16 ہزار 193 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 241 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد84 ہزار 976 ہے۔ جب کہ 4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 144 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 16 ہزار 842 ہوگئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 5 ہزار 685مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 682,290ہوگئی ہے

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close