لاہور( این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی ضمانت کے لئے مسلم لیگ (ن)کے چیف آرگنائزر چودھری محمد نواز اور رکن اسمبلی سیف الملوک ک کھوکھر نے پچاس ، پچاس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائے ۔ ضمانتی مچلکے احتساب عدالت نمبر دو ٹرائل کورٹ میں جمع کرائے گئے جہاں جج شیخ سجاد احمد نے ضمانتی مچلکوں کی جانچ پڑتال کے بعد روبکار جاری کر دی ۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی رہائی حق اور سچ کی فتح ہے ،شہباز شریف کے دور میں صوبہ پنجاب میں مثالی ترقیاتی کام ہوئے ،موجودہ حکومت آج بھی انہی کے لگائے ہوئے منصوبوں پر اپنی تختی آویزاں کرتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کھوکھر پیلس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے اپنے تمام ادوار میں محنت اور لگن کے ساتھ عوام کی خدمت کی ،ان کے دور میں ترقی کی رفتار اتنی تیز تھی کہ صوبہ پنجاب کو پیرس کہا جانے لگا ۔شہباز شریف نے صوبہ پنجاب کو ماڈل صوبہ بنانے کے لیے دن رات محنت کی اور اپنی اسی محنت کی وجہ سے آج بھی عوام میں بے حد مقبول ہیں اور عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی رہائی کے اس پر مسرت موقع پر کارکنوں کو مبارکباد دیتا ہوں ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں