لاہور( این این آئی)پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنزنے کینیڈا جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دیں،پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے ٹورنٹو میں پی آئی اے کا 16 رکنی کریو بھی پھنس گیا ۔ترجمان قومی ایئر لائن نے کہا ہے کہ کینیڈا کی جانب سے پاکستان سے جانے والی پروازوں پر پابندی کے باعث کینیڈا جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے ٹورنٹو میں پی آئی اے کا 16 رکنی کریو بھی پھنس گیا ہے، 16 رکنی کاک پٹ اور کیبن کریو نے ہفتے کو کینیڈا سے پاکستان روانہ ہونا تھا۔واضح رہے کہ کینیڈا نے پاکستان اور بھارت سے پروازوں کی آمد پر 30 روز کی پابندی عائد کر دی ہے، اس سلسلے میں کینیڈا کی وزارت صحت نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی تمام کمرشل اور نجی پروازوں پر عائد ہوگی۔وزارت نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں بھارت سے 35 پروازیں کینیڈا پہنچیں، اس دوران کثیر تعداد میں کرونا مثبت افراد کینیڈا پہنچے ہیں، تاہم وزارت صحت نے وضاحت کی ہے کہ کینیڈا میں کرونا پھیلنے کا ذمہ دار چین یا بھارت نہیں۔گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے حکام نے بھی بھارت میں کرونا کی بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر فضائی سفری پابندی عائد کرنے کا اعلان کیاتھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں