اسلام آباد (آئی این پی) حکومت نے پہلی سے آٹھویں تک اسکولزعید تک بند رکھنے اور 9 ویں سے 12 ویں تک تعلیمی ادارے پیر سے سخت کورونا ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا نویں سے 12 ویں جماعت کے امتحانات بورڈ کی نئی تاریخوں کے مطابق ہوں گے، اور امتحانات مئی کے آخری ہفتے سے پہلے شروع نہیں ہوں گے، جامعات میں داخلے امتحانات کے نئے شیڈول کو مد نظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے، اے، اے ایس اور او لیول اور آئی جی سی ایس ای امتحانات اعلان کردہ تاریخوں کے تحت ہوں گے، اور ان امتحانات میں تاخیر یا منسوخی نہیں ہو گی ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں تمام وزرائے تعلیم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس میں تعلیمی اداروں میں کلاسز کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں تمام صوبائی وزرائے تعلیم نے بورڈز کلاسز شروع کرنے کی سفارش کی، تاہم این سی او سی کے حکام کا کہنا تھا کہ کیسز بڑھ رہے ہیں، ابھی تعلیمی ادارے نہ کھولیں تو بہتر ہو گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں پہلی سے آٹھویں تک اسکولزعید تک بند رکھے جائیں گے، جب کہ 9 ویں سے 12 ویں تک تعلیمی ادارے پیر سے سخت کورونا ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں او ، اے لیول امتحانات شیڈول کے مطابق لینے کا فیصلہ ہوا، جب کہ کہا گیا کہ کورونا کی زیادہ شرح والی یونیورسٹیز میں آن لائن کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وزیر تعلیم شفقت محمود نے تمام صوبوں کے صحت اور تعلیم کے وزرا کے خصوصی اجلاس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا نویں سے 12 ویں جماعت تک متاثر اضلاع میں تدریس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شفقت محمود نے بتایا کہ اجلاس میں نویں سے بارہویں جماعت تک بورڈ امتحانات کی تیاری کے لیے تدریسی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے، نویں سے 12 ویں جماعت کے امتحانات بورڈ کی نئی تاریخوں کے مطابق ہوں گے، اور امتحانات مئی کے آخری ہفتے سے پہلے شروع نہیں ہوں گے۔ انھوں نے کہا جامعات میں داخلے امتحانات کے نئے شیڈول کو مد نظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے، اے، اے ایس اور او لیول اور آئی جی سی ایس ای امتحانات اعلان کردہ تاریخوں کے تحت ہوں گے، اور ان امتحانات میں تاخیر یا منسوخی نہیں ہوگی۔ شفقت محمود نے بتایا کہ اکتوبر میں امتحانات دینے کے خواہش مند طلبہ اسی فیس میں امتحانات دے سکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں جامعات آن لائن تدریس ہی جاری رکھیں گی، کیسز کی شرح 8 فی صد سے کم ہونے پر جامعات حسب معمول تدریس جاری رکھیں گی۔ وزیر تعلیم کا کہنا تھا کیمبرج نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایس او پیز کی سختی سے پابندی کی جائے گی، کیمبرج کے مطابق امتحان نہ دینے والے آئندہ اکتوبر نومبر سائیکل میں ہی امتحان دے سکیں گے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں