شوکت ترین کو وزارت خزانہ اور ریونیو کا قلمدان سونپ دیا گیا

اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر کابینہ میں ردو بدل کا فیصلہ کر لیا، شوکت ترین وزیر خزانہ مقرر ہوگئے ۔وزیر اعظم دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ شوکت فیاض احمد ترین کو وفاقی وزیر برائے وزارتِ خزانہ و ریوینو کی ذمہ داری دی گئی ہے ،فواد چوہدری کو دوبارہ وزارت اطلاعات و نشریات کا قلمدان دینے کی بھی تصدیق کردی گئی۔ دوسری جانب سے فواد چوہدری نے بھی ایک ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ وزیراعظم نے کابینہ میں تبدیلیاں کی ہیں اور ساتھ ہی ان کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔حالیہ ردو بدل کے نتیجے میں حماد اظہر کو وزارت توانائی کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔حماد اظہر سے وزارت خزانہ کے علاوہ وزیر صنعت و پیداوار کا قلمدان بھی واپس لے کر خسرو بختیار کو وزیر صنعت و پیداوار بنادیا گیا ہے جبکہ سینیٹر شبلی فراز اب سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت سنبھالیں گے۔سابق وزیر توانائی عمر ایوب کو وزیر اقتصادی امور مقرر کردیا گیا ہے۔خیال رہے کہ کابینہ میں ردِو بدل کی اطلاعات کافی عرصے سے زیر گردش تھیں اور گزشتہ روز سینیٹر فیصل جاوید نے ایک ٹوئٹر پیغام میں فواد چوہدری کو وزارت اطلاعات ملنے کی مبارکباد بھی دی تھی۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی دورِ حکومت میں اس سے قبل اسد عمر، حفیظ شیخ اور حماد اظہر وزیر خزانہ کا منصب سنبھال چکے ہیں، ان میں سب سے مختصر عرصے کے لیے یہ ذمہ داری حماد اظہر کے حصے میں آئی جنہیں 29 مارچ کو ہی وزیر خزانہ مقرر کیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close