اسلام آباد(پی این آئی )پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما جاوید لطیف نے مریم نواز کے بیرون ملک جانے سے متعلق دعووں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ مریم نواز کے باہر جانے کی باتیں کررہےہیں اب تو واپس آنےکا موسم ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما جاوید لطیف نے انکشاف کیا کہ میں کل ٹاؤن شپ تھانے گیا، جہاں میں نے پولیس اہلکاروں سے پوچھا کہ میں نے کونسی غداری کی ہے؟، جس پر تفتیشی افسر نےکہا آپکو بھی پتہ ہےآپ بےگناہ ہیں لیکن اوپر سےحکم ہے۔نجی ٹی وے آر وائی کی رپورٹ کے مطابق جاویدلطیف نے کہا کہ اگر اسی طرح اوپر سے ہی غیر قانونی حکم ہوگا تو عدالتیں بند کردیں، اسٹیٹ بینک کو گروی رکھ دیا اس پرآواز اٹھائیں تو غداری کا مقدمہ بنتاہے، مخالفین کو بتادوں کہ جتنے بھی مقدمات درج کریں یہ ہماری زبان بند نہیں کرسکتے، مجھے معلوم ہے کہ نیب اور اداروں کو استعمال کیاجارہاہے، عمران خان چاہتاہے کہ نیب کی طرح عدالتیں بھی اسکےحکم پر چلیں۔میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما نے اعتراف کیا کہ نوازشریف کے عالمی جمہوری طاقتوں سے رابطےہیں، یہ بات درست ہےجس سے حکومت خوفزدہ ہے، جس کے باعث یہ مریم نواز کے باہرجانےکی باتیں کررہےہیں، انہیں بتاتا چلوں کہ اب تو واپس آنےکا موسم ہے۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اس نااہل حکومت کو سپورٹ کرنے والی جماعت عوام کے غیض وغضب کا نشانہ بنےگی۔ اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے مریم نواز کی پیشی پر نیب دفتر کے باہر توڑپھوڑ کے کیس میں لیگی رہنما جاوید لطیف کی ضمانت منظور کی، عدالت نے جاوید لطیف کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کاحکم دیا۔ جاوید لطیف کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نیب پر کسی قسم کا حملہ یا توڑ پھوڑ نہیں کی گئی ،سیاسی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا گیا ، درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت مقدمے میں درخواست منظور کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں