غیر آئینی طاقتوں کے داغ دار چہروں کو بے نقاب کرنا ہے، سابق وزیراعظم نواز شریف بھی ڈٹ گئے، کن قوتوں کیخلاف اعلان بغاوت کر دیا؟ بڑی خبر آگئی

لاہور (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ غیر آئینی طاقتوں کے داغ دار چہروں کو بے نقاب کرنا ہے ، کیوں کہ جب بھی جمہوری حکومتیں ملک کو ترقی کی طرف لے جاتی ہیں تو ان کوناکام کیا جاتا ہے ، 73 سال گزرنے کے باوجود ہم اپنی منزل کا تعین نہیں کرسکے ، ابھی

تک اپنی منزل اور راستے کا پتہ نہیں ہے، دنیا چاند سے آگے مریخ پر پہنچ گئی لیکن ہم اس دنیا میں اپنے ملک پاکستان کا راستہ تلاش نہیں کرسکے۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں مسلم لیگ ن کی یوتھ ونگ کے کنونشن سے ویڈیو لنک کے ذریعے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں آئین اور قانون کی بار بار دھجیاں اڑائی جاتی ہیں اور عوام کے ساتھ مذاق کیا جاتا ہے ، ووٹ چوری ہوتا ہے، الیکشن مسلم لیگ (ن) جیتتی ہے لیکن آر ٹی ایس بند کرکے، رات کے اندھیرے میں بکسے بدل کر ایک سلیکٹڈ کو بیٹھا دیا جاتا ہے، کئی دن نتائج نہیں آتے اور اعلان کسی اور کا کیا جاتا ہے۔قائد ن لیگ نے کہا کہ ہمارے ملک میں چند لوگ اپنی جیبیں اور تجوریاں بھر رہے ہیں اورسب کچھ اکٹھا کرکے اپنے لیے لے کر جا رہا ہے، کوئی امریکا اور کوئی آسٹریلیا لے کر جا رہا ہے، عوام کے خون پسینے کی کمائی سے وہاں کوئی اپنی جائیدادیں اور پاپا جونز بنا رہا ہے اور وہ پاکستان کی دولت لوٹ کر ادھر لے کر جا رہاہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ جو ملک ہمارے بعد آزاد ہوئے اور ہم سے بہت پیچھے تھے لیکن آج ہم سے بہت آگے نکل چکے ہیں ، کیوں کہ ان کے ملک میں ووٹ کا احترام کیا جاتا ہے اور ووٹ کو عزت ملتی ہے، ملک کو آئین، قانون اور دستور کےمطابق چلایا جاتا ہے ، ترقی یافتہ ملک کسی قانون کے تحت چلتے ہیں ، وہاں عدالتیں انصاف کرتی ہیں، وہاں انصاف نہیں بکتا، وہاں کی فوج اور جرنیل شب خون نہیں مارتے اور وہاں کے جرنیل امریکا میں جا کر پاپاجونز نہیں بناتے بلکہ آئین کی پاسداری کرتے ہیں ، اپنے ملک کی رکھوالی کرتے ہیں، اپنے آئین ، قانون ، عدالتوں ، سیاست دانوں، اپنی پارلیمنٹ اور قانون کی بالادستی کا احترام کرتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close