وزیر اعظم عمران خان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

اسلام آباد( پی این آئی)وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔نجی ٹی وی کے مطابق مشیر صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان میں کورونا کی تشخیص ہو گئی ہے اور انہوں نے خود کو گھر میں آئسولیٹ کرلیاہے۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز نوشہرہ کا دورہ کیا اورمالاکنڈ میں تقریب سے خطاب کیا تھا،مالاکنڈ سے واپسی پر عمران خان طبیعت ناسازی پر وزیراعظم ہائوس کی بجائے بنی گالہ چلے گئے اور وہیں سے فرائض انجام دیتے رہے۔دوسری جانب این سی او سی میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں کورونا وئرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور مثبت کیسسز کا تناسب ساڑھے چار فیصد سے بڑھ کر ساڑھے نو فیصد تک پہنچ گیا ہے جو کہ خطرناک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ممالک جن میں افریقہ اور جنوبی امریکہ سے آنے والے مسافروں میں چونکہ وائرس کی قسم تھوڑی مختلف ہے تو اس ضمن میں ایسے ممالک سے آنے والے مسافروں پر پابندی کے اطلاق کا نوٹس آئندہ کچھ گھنٹوں میں کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین کی اضافی کھیپ اسی مہینے کے آخر تک پہنچ جائے گی جس سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس وائرس سے بچائو میں مدد مل سکے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں سترسال سے زائد عمر کے شہریوں کیلئے ویکسینیشن سینٹرز میں واک ان ڈیسکس کا قیام کیا گیا ہے تاکہ بزرگ شہری بنا کسی انتظار کے جا کر مروجہ طریقہ کار کے تحت ویکسینیشن کروا سکیں۔معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں وائرس کے پھیلا میں کمی کیلئے پابندیوں کا اطلاق کیا گیا لیکن عوام میں صحت کے مروجہ اصولوں پر عملدرآمد کے حوالے سے فقدان دیکھنے میں آ رہا ہے انہوں نے عوام اور صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس مہلک وائرس سے بچا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close