اسلام آباد (پی این آئی) سینیٹ الیکشن کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 12مارچ کو دوپہر میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہو گا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ریٹائر ہونے والے سینیٹرز کی مدت 11 مارچ کو ختم ہو جائے
گی ، جس کے بعد 12 مارچ کو صبح کے اوقات میں نو منتخب سینیٹرز حلف اٹھائیں گے ، جب کہ 12مارچ کو ہی دوپہر میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہو گا۔دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے چئیرمین سینیٹ کے لیے صادق سنجرانی کو اُمیدوار نامزد کر دیا ، اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے صادق سنجرانی کو چئیرمین سینیٹ کا اُمیدوار نامزد کر دیا ہے ، صادق سنجرانی چئیرمین سینیٹ کے عہدے پر حکومتی اُمیدوار ہوں گے۔جب کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہونے والے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو چیئر مین سینیٹ کے لیے نامزد کیے جانے کا امکان ہے ، جس کے بعد چیئرمین سینیٹ کی نشست پر صادق سنجرانی یوسف رضاگیلانی کا مقابلہ کریں گے ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے بھی صادق سنجرانی کی بطور چیئرمین سینیٹ امیدوار حمایت کی گئی ہے۔یاد رہے کہ سینیٹ کی کل 48 نشستوں کے الیکشن کے سلسلے میں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ میں حکمراں جماعت تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے ، تحریک انصاف نے 18 نئی نشستیں حاصل کر کے کل 28 نشستیں حاصل کر لیں جب کہ پیپلز پارٹی نے 8 نئی اور کل 21 ، مسلم لیگ ن نے 5 نئی اور کل 18 نشستیں حاصل کی ہیں، بی اے پی کو 6 نئی اور کل 12 نشستیں ملی ہیں۔اس کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان کو بھی کل 3 نشستیں مل چکیں، مسلم لیگ ق نے ایک نشست حاصل کی ہے ، آزاد امیدوار بھی اب تک 6 نشستیں حاصل کر چکے تاہم تحریک انصاف سینیٹ کی سب سے بڑی جماعت بننے کے باوجود ایوان میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی ، تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں کی سینیٹ میں اپوزیشن کی کل نشستوں سے 6 نشستیں کم ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں