کراچی(این این آئی)تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو نے اپنی ہی پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا ہے۔اپنے ویڈیو بیان میں اسلم ابڑو نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں ووٹ صرف ضمیر کی آواز پر ہی دوں گا۔ افسوس ہے اپنے شہر کے لیے کچھ نہیں کر پایا اگر پی ٹی آئی سندھ پر توجہ
دیتی تو اچھا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ آئین بھی مجھے اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دوں۔اپنے اغوا سے متعلق اسلم ابڑو نے کہا کہ خرم شیر زمان کی جانب سے میرے اغوا کا دعوی درست نہیں کیونکہ میں دودھ پیتا بچہ تو نہیں جو مجھے کوئی گاڑی میں بٹھا دے گا۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی نے کہا ہے کہ وہ پیسوں سے ٹکٹ خریدنے والوں کو ووٹ نہیں دیں گے۔پی ٹی آئی رکن اسمبلی کریم بخش گبول نے ایک ویڈیو جاری کیا ہے جس میں انھوں نے کہا کہ وہ اپنی مرضی سے ووٹ دیں گے۔ اپنے ویڈیو بیان میں کریم بخش گبول کا کہنا تھا کہ میں پی ٹی آئی کا ہوں اور ہمیشہ رہوں گا۔پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ سندھ میں ناانصافیاں ہوئی ہیں، اس کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا ہے۔کریم بخش گبول نے کہا کہ ہماری حکومت سندھ میں کارکردگی نہیں دکھا سکی۔انھوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیا گیا جن سے متعلق یہ سننے میں آرہا ہے کہ انھوں نے پیسے دے کر ٹکٹ خریدا ہے،میں ایسے لوگوں کو کبھی ووٹ نہیں دوں گا جو پیسے دے کر سینیٹ انتخابات میں آئے ہیں۔پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی نے کہا کہ میں ان لوگوں سے مطمئن نہیں ہوں۔انھوں نے کہا کہ میں ایسے لوگوں کو ووٹ نہیں دے سکتا، کیونکہ مجھے آئین پاکستان نے یہ حق دیا ہے کہ جو پیسے دے کر ٹکٹ لے کر آتے ہیں میں انھیں ووٹ نہیں دوں۔کریم بخش گبول نے کہاکہ میں جن سے مطمئن ہوں گا انھیں ووٹ دوں گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں