پولیس تحویل میں موجود اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کے کمرے سے سانپ نکل آیا

کراچی(پی این آئی)جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کے کمرے سے سانپ نکل آیا۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق حلیم عادل شیخ کے ترجمان محمد علی بلوچ کا کہنا ہے کہ پولیس کے ایس آئی یو میں حلیم عادل کے کمرے سے سانپ نکلا ہے۔ترجمان حلیم عادل شیخ نے بتایا کہ ناشتہ لے جانے والے ملازم نے سانپ کی اطلاع دی، حلیم عادل نے سانپ کو مار دیا ہے۔ترجمان محمد علی

بلوچ کا کہنا ہے کہ حلیم عادل کو کچھ ہوا تو ذمہ دار سندھ حکومت ہو گی۔دوسری جانب سندھ اسمبلی قائدحزب اختلاف حلیم عادل شیخ کے ترجمان نے الزام عائد کیاہے کہ حلیم عادل شیخ کی کسی سے ملاقات نہیں کروائی جارہی اورگھر سے بھیجا گیا کھانا بھی کئی گھنٹوں کی تاخیر سے دیا جاتا ہے۔ترجمان نے حلیم عادل شیخ کو دوران پولیس حراست سہولیات نہ دینے پر جاری بیان میں کہا کہ قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کو سی آئی یو سینٹر صدر میں رکھا گیا ہے، ان سے کسی کی ملاقات تک نہیں کروائی جارہی ہے۔ترجمان نے الزام لگایا کہ گھر سے بھیجا گیا کھانا بھی کئی گھنٹوں کی تاخیر سے دیا جاتا ہے۔ رات دیر تک پولیس کے مختلف افسران کو تفتیش کے لئے بھیجا جاتا ہے۔ پولیس اراکین اسمبلی کی بھی ملاقات نہیں کروا رہی۔ پولیس پیپلز پارٹی کی بی ٹیم کے طور پر سامنے آچکی ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ریجنل الیکشن آفیسر حلیم عادل شیخ سے سینیٹ امیدوار کے تائید کنندہ کی حیثیت سے تصدیق کرے گا۔تفصیلات کے مطابق حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے متعلق درخواست پر الیکشن کمیشن سندھ نے مرکزی الیکشن کمیشن سے رائے مانگ لی اور درخواست مرکزی الیکشن کمیشن کو بھیج دی ہے۔الیکشن کمیشن سندھ کی جانب سے درخواست میںکہا گیاہے کہ پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں یا ان کے پاس جاکر تصدیق کی جائے؟بعد ازاں الیکشن کمیشن نے حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ریجنل الیکشن آفیسر کو تعینات کر دیاہے،ریجنل الیکشن کمشنر حلیم عادل شیخ سے ملاقاتکریں گے اور ان سے سینیٹ امیدوار کے تائید کنندہ کی حیثیت سے تصدیق کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close