آنسو گیس کے شیل بیکار پڑے تھے، سرکاری ملازمین کے احتجاج پر تھوڑی بہت آنسو گیس استعمال کرلی، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نےکہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھائی ہیں، آنسو گیس کے شیل کافی عرصے سے بیکار پڑے تھے تو تھوڑی ٹیسٹنگ کرلی، اور بھی ہیں ہمارے پاس پڑے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کے احتجاج پر تھوڑی بہت آنسو گیس بھی استعمال کرلی۔ قبل ازیں وفاقی وزیر

داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ فضل الرحمان کو حلوہ کھلانے کی بات کی لیکن اب موسم بدل گیا ہے،پی ڈی ایم قانون کے دائرے میں یہاں آئے توکوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، سینیٹ الیکشن اوپن کریں یا خفیہ بکنے والا بک جاتا ہے، 4جماعتیں ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں، وہ لوگ انتشار پھیلا رہے ہیں جو پاکستان بنانے کے بھی خلاف تھے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے انہو ںنے کہاکہ اسلام آباد بدمعاشوں کا شہر نہیں اس لئے 33 میں 30 ناکے ختم کردیئے جب کہ باقی 3 بھی جلد ختم کردیں گے، چوہدری نثار اپنے ساتھ جیمر والی گاڑی رکھتے تھے لیکن آج وزیر داخلہ بغیر جیمر کی گاڑی گھومتا ہے، اسلام آباد میں آنے والے دنوں میں جدید پولیس نظر آئے گی، پاکستانی سفارتخانوں میں 3 سال سے زائد ملازمت کرنے والوں کو واپس بلا رہے ہیں، جنہوں نے غیر ملکی شہریت لی انہیں نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو حلوہ کھلانے کی بات کی تھی لیکن اب موسم بدل گیاہے اس لئے وہ بات واپس لیتا ہوں، پی ڈی ایم بھی اپنے معاملات پر سوچے، دھرنا بہت مشکل کام ہے، ہمیں 126 دن کے دھرنے کا تجربہ ہے، قانون کے دائرے میں لانگ مارچ آئے تو کوئی مسئلہ نہیں، آصف زرداری اوربلاول میری بات سمجھتے ہیں، اپوزیشن کو بالآخر پیپلز پارٹی کی بات ہی ماننی ہے۔انہو ںنے مزید کہا کہ پاک افواج ملک کے لئے قربانیاں دے رہی ہیں، جو لوگ فوج کو گالیاں دیتے ہیں ان کی زبان کھینچ لینی چاہیے، 4 جماعتیں ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں، وہ لوگ انتشار پھیلا رہے ہیں جو پاکستان بنانے کے بھی خلاف تھے، دْکھ مسلم لیگ (ن) کا ہے جو فوج کے خلاف بات کرے وہ مسلم لیگی نہیں،آج قائداعظم کی یاد بھارت کے مسلمانوں کوستاتی ہے۔ اگرپی ڈی ایم نے قانون کے دائرے میں آنا ہے تو 10 بارآئے، ان کو کہتا ہوں قانون کے دائرے میں یہاں آئے تو کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔ قانون کی خلاف ورزی کی توانکی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ شیخ رشیدہوگا۔۔شیخ رشید نے کہا کہ 3 مارچ کو سینیٹ الیکشن ہورہے ہیں، سینیٹ کے انتخابات کو میڈیا نے اہمیت دی ہے، سینیٹ الیکشن اوپن کریں یا خفیہ کریں بکنے والا بک جاتا ہے، بکنے والوں کی لالچ انہیں برباد کردیتی ہے، کسی کا ایک ووٹ کم ہوگیا تو قیامت نہیں آجائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close