’’فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے‘‘ ڈی جی آئی ایس پی آرکا دو ٹوک پیغام

راولپنڈی(پی این آئی) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ فوج کو سیاست میں مت گھسیٹیں ،اس کا کسی قسم کی سیاست کے ساتھ کوئی تعلق نہیں،بیک ڈور رابطے نہیں ہورہے،بغیر تحقیق بات کرنا کسی کو بھی سوٹ نہیں کرتا، کوئی ثبوت ہیں تو سامنے ائیں،پاک فوج نے چینی فوج کی عطیہ کردہ ویکسین ہیلتھ ورکرز کو دے دی۔نجی ٹی وی کے مطابق

ایک بیان میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کورونا سے پوری دنیا متاثر ہوئی، پاکستانی قوم نے کورونا کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور ہیلتھ کیئر ورکرز نے کورونا سے مقابلے میں قوم کی بھرپورمدد کی۔انہوں نے بتایا کہ چین کی فوج نے افواج پاکستان کو ویکسین کا عطیہ دیا اور پاک فوج نے چینی فوج کی عطیہ کردہ ویکسین ہیلتھ ورکرز کو دے دی۔میجر جنرل بابر افتخار نے کہاکہ بھارت دنیا میں بہت حد تک بے نقاب ہو چکا ہے اس حوالے سے پچھلی پریس کانفرنس میں بہت سے شواہد سامنے رکھے۔کے ٹو پر لاپتا کوہ پیمائوں کے حوالے سے ترجمان پاک فوج نے بتایاکہ علی سدپارہ قوم کے ہیرو ہیں، کوہ پیمائوں کے سرچ آپریشن میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔انہوں نے کہاکہ فوج کو سیاست میں مت گھسیٹیں، ہمارے کسی قسم کے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں ہورہے اور کسی قسم کی سیاست کے ساتھ ہمارا تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بارے میں بغیر تحقیق بات کرنا کسی کو بھی سوٹ نہیں کرتا، اگر اس متعلق کوئی ثبوت ہیں تو سامنے یلائیں ورنہ اس قسم کی قیاس آرائیاں بند ہونی چا ہیے۔‎

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں