اسلام آباد(پی این آئی )سینٹ کے اگلے انتخابات میں ایم کیو ایم پاکستان کی ایوان بالا میں سیاسی قوت پانچ سے کم ہوکر تین رہ جائے گی، روزنامہ جنگ میں نصر اقبال کی شائع خبر کے مطابق موجودہ سینٹ میں ایم کیو ایم کے اس وقت پانچ سینیٹرز ہیں ، آئندہ انتخابات میں اس کے
چار سینٹرز بیرسٹر محمد علی سیف، میاں محمد عتیق، جبکہ دو خواتین سینٹرز خوش بخت شجاعت اور ڈاکٹر نگہت حنا مرزا ریٹائر ہو جائیں گی جبکہ وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم اپنی نشست پر برقرار رہیں گے، ایم کیو ایم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ا گلے انتخابات میں ایم کیو ایم کے دو سینیٹرز منتخب ہوجائیں گے، اس وقت سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے ارکان کی تعداد 21ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا سینیٹ انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے اقدام پر واویلا مچانا سمجھ سے بالاتر ہے،اوپن بیلٹ کی مخالفت کر کے انہوں نے واضح کردیا کہ یہ سیاست میں پیسے کی سیاست ختم نہیں کرنا چاہتے،انتخاب میں شفافیت جمہوریت کی مضبوطی ہے۔اتوار کو ٹویٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ انتخابات میں شفافیت جمہوریت کی مضبوطی ہے، اپوزیشن کا سینیٹ انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے اقدام پر واویلا مچانا سمجھ سے بالاتر ہے۔انہوں نے کہا کہ اوپن بیلٹ کی مخالفت کر کے اپوزیشن نے واضح کردیا کہ یہ سیاست میں پیسے کی سیاست ختم نہیں کرنا چاہتے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں