تحریک انصاف سے سینٹ کا ٹکٹ کسے ملے گا؟ ممکنہ امیدواروں کے نام سامنے آگئے

اسلام آباد(پی این آئی )حکمران جماعت تحریک انصاف سے سینٹ کا ٹکٹ دیے جانے کے لیے ممکنہ امیدواروں کے نام سامنے آگئے۔روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق پارلیمانی بورڈ ممبران نے سینٹ الیکشن کے امیدواروں سے متعلق اپنی سفارشات وزیراعظم عمران خان کو پیش کردی ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر،

معاون خصوصی برائے اوورسیز زلفی بخاری، ثانیہ نشتر اور مشیر تجارت عبدالرزاق دائود کے نام سفارشات میں شامل ہیں۔اس کے علاوہ بورڈ نے سینٹ الیکشن کے لیے بابر اعوان، سیف اللہ نیازی، ڈاکٹر زرقا اور نیلوفر بختیار کے نام بھی وزیراعظم کو دیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کو خیبرپختونخوا سے دوبارہ سینیٹر بنانے کی سفارش کی گئی ہے جب کہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور اتحادی جماعت (ق) لیگ سے کامل علی آغا کا نام بھی سفارشات میں شامل ہے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمانی بورڈ کی کارروائی حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے اور امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری وزیراعظم آئندہ کچھ روز میں دیں گے۔دوسری جانب حکومت نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کیلئے وفاقی کابینہ سے منظوری حاصل کر لی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کیلئے وفاقی کابینہ سے منظوری حاصل کر لی ہے۔وفاقی کابینہ سے منظوری سرکلر سمری کے ذریعے لی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق نئے آرڈیننس کی ڈرافٹنگ اٹارنی جنرل نے کی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ سینیٹ الیکشن کا شیڈول 11 فروری کو جاری ہو گا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے سے متعلق آرڈیننس بنا لیا ہے اور آرڈیننس کا یہ مسودہ وزیراعظم عمران خان کوبھیج دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں