اسلام آباد(پی این آئی)وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ میں نے 25ہزار 690روپے میں سینیٹ کا الیکشن لڑا ،ہمارا کوئی ساتھی سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خرید و فرخت کا حصہ نہیں بنا۔ وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے گذشتہ الیکشن کے لئے میرے 25ہزار 690روپے خرچ ہوئے ہیں ،
پی ٹی آئی یہ ہی چاہتی ہے کہ سینٹ الیکشن میں پیسوں کا استعمال نہ ہو اس لئے سینٹ الیکشن اوپن ہینڈ کرانے کی بات اور اس تناظر میں عملی اقدام اٹھا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سینٹ کے الیکشن میں ایسی بے شمار مثالیں ہیں کہ جن پارٹیوں کے اراکین اسمبلی کی تعداد کم ہیں لیکن سینیٹرز ذیادہ ہیں اس کی بنیادی وجہ ووٹوں کی خرید و فروخت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ کے آئندہ ہونے والے الیکشن کے لئے بھی بولیاں لگ چکی ہیں ۔دریں اثنا وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی عوام سے گفتگو کا مقصد انکے مسائل کی نشاندہی اورممکنہ حل ہے، انہوں نے قوم کو اپنا ویژن پہنچایا۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اس طریقہ کار سے عوام کو براہ راست سوال کرنے اور حکومت کو عوامی تجاویز سے استفادہ کا موقع ملتا ہے، یہ جمہوریت کا بنیادی جزو ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں