گائے کے گوبر سے انرجی پیدا کرکے بسیں چلا کر دکھائیں گے زرتاج گل کا انقلابی منصوبہ

گائے کے گوبر سے انرجی پیدا کرکے بسیں چلا کر دکھائیں گے زرتاج گل کا انقلابی منصوبہاسلام آباد(پی این آئی)وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ گائے کے گوبر سے انرجی پیدا کرکے بسیں چلا کر دکھائیں گے، کراچی کی بھینس کالونی میں گائے کا گوبر ساحل سمندر میں پھینک دیا جاتا ہے۔کوشش ہے گاڑیوں کو 2030 تک الیکٹرک گاڑیوں پر تبدیل کر دیں

۔سینٹ اجلاس میں فضائی آلودگی سے متعلق تحریک پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی کوئی سیاسی بحث کا موضوع نہیں،دنیا میں موسمیاتی تبدیلی ڈیڑھ سو سال پرانی ہے۔پاکستان دنیا کے جس خطے پر واقع ہوا ہے وہ بدقسمتی سے موسمیاتی تبدیلی کے لئے موزوں نہیں ہے۔ ہماری وزارت نے موسمیاتی تبدیلی پر خصوصی کام شروع کیا ہوا ہے، موسمیاتی تبدیلی حکومت کے اہم منصوبوں میں شامل ہے، پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متعلق درست سمت بڑھ رہا ہے، کوشش ہے اپنی گاڑیوں کو 2030 تک الیکٹرک گاڑیوں پر تبدیل کرا دیں۔ہماری کوشش ہے کہ بائیو گیس کو استعمال کرکے گاڑیوں کے ایندھن کے طور پر استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آلودگی کو بڑی حد تک کم کیا ہے، پنجاب حکومت نے دھواں چھوڑنے والی 98 ہزار سے زائد گاڑیوں کو چالان کیا ہے۔ چالان کرنے کی وجہ سے 3 کروڑ روپے سے زائد ریکور کیا ہے۔ آئل ریفائنری کمپنیز کو 3 سال کا وقت دیا ہے کہ اپنی ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کر لیں۔انہوں نے کہا کہ ایران سے سمگل ہونے والے تیل کے خلاف کارروائی کی جا چکی ہے، ایک تو ایران تیل سے تیل بلیک میں سپلائی ہوتا رہا، دوسرا وہ تیل آلودگی بڑے پیمانے پر پیدا کرتا رہا۔اسی سلسلے میں بڑی تعداد میں غیر قانونی پیٹرول پمپس بند کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں لوہا بنانے والی کمپنیوں کو پلوشن کنٹرول کرنے والے آلات لگوا دئیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے کسانوں کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں، فصلوں کو جلانے پر 3 ہزار سے زائد ایف آئی آرز کاٹی جا چکی ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی بارے اپوزیشن کی جانب سے ہر اچھی تجویز کو خوش آمدید کہوں گی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر برائے سائنس ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت معیشت کو فروغ دینے ، آلودگی کی سطح کو کم کرنے اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں روزگار پیدا کرنے کے لئے ملک میں برقی گاڑیوں (الیکٹرک وہیکل)کے لئے پالیسی کے کامیاب نفاذ کے طریقہ کار کو جلد حتمی شکل دے دیگی۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ برقی گاڑیوں کے اجرا میں تاخیر ہوئی ہے لیکن امید ہے جلد ہی اس کے اجرا کا حتمی فیصلہ ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ برقی گاڑیوں کے منصوبے کی تجاویز کو منظوری کے لئے جلد صدر مملکت عارف علوی کو پیش کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چار پہیوں کے لئے الیکٹرک وہیکل پالیسی میں ، گاڑیوں کی درآمد ،برآمد ، ٹیکس ، رجسٹریشن ، اور کسٹم ڈیوٹی سے متعلق متعدد نئے قوانین بنائے گئے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ عوام اس نئی پالیسی کے تحت ٹرانسپورٹ کی سستی سہولیات سے فائدہ اٹھاسکیں گے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کی زیر قیادت حکومت ملک میں الیکٹرک وہیکل کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرک وہیکل پالیسی پاکستان میں اس بہت بڑی تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرے گی اور حکومت کی طرف سے روایتی گاڑیوں کو الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے سے نہ صرف ماحولیات کو فائدہ ہوگا بلکہ گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close