لاہور( پی این آئی ) احتساب عدالت میں منفی لانڈرنگ پر سماعت کے دوران مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے چین کے سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل کی جانب سے لکھا گیا اعزازی خط عدالت میں پیش کردیا ۔شہباز شریف نے بتایا کہ مجھے آج ہی یہ خط ملا ہے ۔شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں قید میں ہوں ،چین کے سفیر نے میرے نام خط لکھا اور میرے سی پیک
اور دیگر منصوبوں کی تعریف کی ،یہ میرے لئے پوری قوم کی عزت ہے ،ایک قیدی کو چین کا سفیر خط لکھ رہا ہے جو کسی اعزاز سے کم نہیں۔چین پاکستان کا بہترین دوست ہے ،میرے اوپر دوسال سے الزامات کی بوچھاڑ ہو رہی ہے ،اس کے باوجود چین کے سفیر میری تعریف کررہے ہیں ،میں قوم کو بتانا چاہتا ہوں ،میرے منصوبوں کو دنیا مان رہی ہے ۔کیس کی سماعت کرنے والے جج نے کہا کہ خط کا کیس سے کوئی تعلق نہیں ۔ پاکستان میں چین کے قونصل جنرل لانگ دنگ بن نے اپنے الوداعی خط میں لکھا کہ25 جنوری کو پاکستان میں اپنی ذمہ داریوں کی تکمیل پر سبکدوش ہو رہا ہوں اور چین واپس جا رہا ہوں،آپ چین اور اس کے عوام کے دیرینہ دوست ہیں،بطور وزیر اعلی پنجاب سی پیک منصوبے کے لیے آپ کے جوش و جذبے سے میں بے حد متاثر ہوا ہوں،آپ نے متاثر کن پنجاب سپیڈ کے ساتھ سی پیک منصوبوں کی تعمیر کو عملی شکل دی،آپ نے پاکستان اور چین دوطرفہ دوستی کو ایک نئی مہمیز دی ،پاکستان مسلم لیگ (ن)حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں وہ ہمیشہ کیمونسٹ پارٹی چین کی دوست رہی ہے ،مجھے امید ہے کہ آپ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے طور پر دونوں جماعتوں، دونوں ممالک اور دونوں اقوام کے درمیان دوستی کے فروغ کے لیے ہمیشہ کی طرح اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ قونصل جنرل نے شہبازشریف کو لکھے گئے خط میں ان کے لئے صحت وشادمانی اور کامیابی کے جذبات کا اظہارکیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں